اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعدادوشمار جاری کر دیئے جن کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 1.09 فیصد اضافہ ہوا۔ ملک میں مہنگائی کی مجموعی شرح 30.60 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ برائلر گوشت کی قیمت میں 53 روپے 16 پیسے اضافہ ہوا۔ باسمتی چاول کی قیمت میں 7 روپے 2 پیسے فی کلو اضافہ ہوا۔ ایک ہفتے میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 78 روپے 82 پیسے مہنگا ہوا۔ وفاقی ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق اس مختصر دورانیے میں ملک میں 23 اشیائے ضروریہ مہنگی اور 9سستی ہوئیں جب کہ 19کی قیمتیں مستحکم رہیں۔ ایک ہفتے کے دوران آگ جلانے والی لکڑی، نمک پاوڈر، سادہ روٹی، پیاز، لہسن، مٹن، بیف، چکن، آٹا، دال مونگ، دال ماش، دال چنا، ایری سکس چاول، دہی اور کھلا تازہ دودھ سمیت 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ حساس قیمتوں کے اعشاریہ (ایس پی آئی) کے لحاظ سے گزشتہ سال کے اسی عرصہ کے مقابلہ میں ملک میں مہنگائی کی شرح 30.60فیصد رہی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سالانہ بنیادوں پر 17 ہزار 732روپے ماہانہ تک آمدن رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں 29.60فیصد، 17 ہزار 733روپے سے 22 ہزار 888روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں 30.06فیصد، 22 ہزار 889 روپے سے 29 ہزار 517 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح میں 31.88فیصد، 29 ہزار 518 روپے سے 44ہزار 175 روپے ماہانہ تک آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 32.92 فیصد رہی۔ 44 ہزار 176روپے ماہانہ سے زائد آمدنی رکھنے والے طبقے کے لیے مہنگائی کی شرح 30.59فیصد رہی۔