پی ٹی وی ورچوئل سٹوڈیو جدید انداز میں عوام کو باخبر رکھے گا: مریم اورنگزیب

Jan 07, 2023

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے دور میں پاکستان ٹیلی ویژن کا سب سے بڑا ورچوئل سٹوڈیو ٹیکنالوجی کا گیپ دور کرنے میں معاون ثابت ہوگا، پاکستان ٹیلی ویژن کے پاس تمام اثاثے موجود ہیں صرف انہیں بہترین طریقے سے استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ جمعہ کو وفاقی وزیر بجلی انجینیر خرم دستگیرخان کے ہمراہ پاکستان ٹیلی ویژن کے ورچوئل سٹوڈیو کے افتتاح کے موقع پر خطاب کررہی تھیں۔اس موقع پرسیکرٹری اطلاعات شاہیرہ شاہد، ایم ڈی پی ٹی وی سہیل علی خان اور چیئرمین پیمرا سلیم بیگ بھی موجود تھے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ آج پی ٹی وی کے عملے اور انتظامیہ کی کاوشوں سے پی ٹی وی میں آئی ٹی کے حامل سلوشنز استعمال ہو رہے ہیں جو جدید دور کا تقاضا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ورچوئل سٹوڈیو کا قیام پاکستان ٹیلی ویژن کا ایک اور سنگ میل ہے، اسے پاکستان کے سب سے بڑے ورچوئل سٹوڈیو ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔پی ٹی وی نیوز درست خبروں کے ساتھ اب جدید انداز میں کام کرے گا۔ ورچوئل سٹوڈیوز سے متعلق شرکا کو بتایا گیا کہ پاکستان ٹیلی ویژن کا سٹیٹ آف دی آرٹ ورچوئل سیٹ قومی علاقائی اور عالمی خبروں کے ساتھ ساتھ موسم اور کھیلوں کی خبروں اور حالات حاضرہ کے پروگراموں کو بھی جدید انداز میں عوام کے سامنے پیش کرے گا۔پاکستان ٹیلی ویژن نے اپنے 58 سالہ سفر کے دوران ترقی کی کئی منازل طے کی ہیں۔ ورچوئل اسٹوڈیو کے قیام سے قومی، علاقائی خبریں، سیاست، ثقافت، تعلیم، حالات حاضرہ اور عالمی امور کے حوالے سے پی ٹی وی نیوز کے ناظرین جدید انداز میں آگاہ ہو سکیں گے۔ بہترین آڈیوز، ہائی ڈیفینیشن ویڈیوز، خوبصورت گرافکس اور پی ٹی وی نیوز کی سکرین کا حصہ ہوں گی۔علاوہ ازیں وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے سینئر صحافی خالد محمود سے ان کے سسر حاجی یعقوب کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔

مزیدخبریں