لاہور(نمائندہ خصوصی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عامر ذوالفقار خان نے راولپنڈی ریجن میں جرائم کی صورتحال پر اظہار برہمی کرتے ہوئے جرائم پیشہ و سماج دشمن عناصر کیخلاف آپریشنز تیز کرنے کی ہدایات جاری کی ہے۔ آئی جی پنجاب نے آر پی او آفس راولپنڈی میں کرائم میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ افسران جرائم پیشہ عناصر کیخلاف بروقت کاروائیوں سے اپنی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنائیں کیونکہ جرائم کنٹرول نہ کرنے والے سپروائزری افسران کو سیٹ پر رہنے کا حق نہیں ہوگا۔ راولپنڈی شہر میں سٹریٹ کرائم اور ٹریفک کے مسائل کے حل کیلئے جامع حکمت عملی بنائی جائے۔ برفباری سیزن کے دوران سیاحوں کی مدد کیلئے بھرپور تیاری رکھی جائے،ہوٹلوں سے منتھلیاں لینے،سیاحوں کو بلا جواز تنگ کرنے اور غیر پیشہ ورانہ رویے کے حامل اہلکاروں کو نشان عبرت بنا دیا جائے۔ ایف آئی آر کے اندراج میں تاخیرکسی صورت برداشت نہیںدوران اجلاس سی پی راولپنڈی سمیت اٹک، چکوال، جہلم اور تلہ گنگ کے ڈی پی اوز نے اپنے اضلاع کے جرائم گراف اور پولیس کارکردگی بارے بریفنگ دی۔ پولیس لائنز راولپنڈی آمد پر پولیس کے چاک و چوبند دستے نے آئی جی پنجاب عامر ذوالفقار خان کو سلامی پیش کی، آئی جی پنجاب نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ایصال ثواب اور درجات کی بلندی کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ فاتحہ خوانی کے بعد آئی جی پنجاب نے کرائم میٹنگ کی صدارت کے دوران راولپنڈی ریجن پولیس کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے وفد سے ملاقات کی اور آر پی اوراولپنڈی اور سی پی راولپنڈی کو بزنس کمیونٹی کے معاملات پر ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کا حکم دیا۔ راولپنڈی پولیس لائنز میں کھلی کچہری میں شہریوں کے مسائل سنے اور شہریوں کی شکایات پر نوٹس لیتے ہوئے انکے ازالے کیلئے آر پی او راولپنڈی سمیت ریجن کے تمام ڈی پی اورز کو فوری احکامات جاری کئے۔آئی جی پنجاب نے بیٹے کی جانب سے گھر سے نکالے جانے والی والدہ کی شکایت پرسی پی او راولپنڈی کو فوری ایکشن کا حکم دیتے ہوئے کہاکہ انکوائری کے بعدخاتون کوفوری گھر میں شفٹ کیا جائے اوراے ایس آئی بیٹے کیخلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے۔
آئی جی کاجرائم پیشہ و سماج دشمن عناصر کیخلاف آپریشنز تیزکرنے کا حکم
Jan 07, 2023