اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے خصوصی افراد کیلئے موزوں ماحول اور معاشرے کے تمام شعبوں میں ایک باوقار ممبر کے طور پر شمولیت کیلئے قومی سطح پر تیز کاوشوں کی ضرورت پر زوردیتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وزارت تعلیم ان کو معیاری تعلیم اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر کی فراہمی کیلئے نصاب کی تیاری میں قائدانہ کردار ادا کرے ،متعلقہ اداروں کے تعاون سے خصوصی افراد کو خصوصی شناختی کارڈز کی فراہمی کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے ۔ان خیالات کا اظہار انہو ں نے خصوصی افراد کی سہولت کاری کے حوالہ سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں خیبرپختونخوا کے زکوٰة، عشر، سماجی بہبود، خصوصی تعلیم اور خواتین کو بااختیار بنانے کے محکمہ کے وزیر انور زیب خان، وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے محکمہ برائے ڈی اے پی، چیئرمین نادرا محمد طارق ملک جبکہ وفاقی وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن، پنجاب، سندھ، کے پی، بلوچستان کے سماجی بہبود کے محکموں، آزاد جموں و کشمیر کے ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ، پنجاب کے لیبر اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے حکام اور نیوٹیک ، پاکستان بیت کے نمائندے المال، ڈائریکٹوریٹ آف سپیشل ایجوکیشن، اسلام آباد، این آئی آر ایم، ڈبلیو ایچ او اور نادرا کے حکام نے شرکت کی۔وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید خان نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔صدر مملکت نے خصوصی افراد کیلئے موزوں ماحول اور معاشرے کے تمام شعبوں میں ایک باوقار ممبر کے طور پر شمولیت کیلئے قومی سطح پر تیز کاوشوں کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزارت تعلیم خصوصی افراد کو معیاری تعلیم اور مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنر کی فراہمی کیلئے نصاب کی تیاری میں قائدانہ کردار ادا کرے ، نصاب کی تیاری کیلئے تمام سٹیک ہولڈرز بشمول صوبوں ، عالمی اور غیر سرکاری تنظیموں اور نجی شعبے سے مشاورت کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں اساتذہ اور خصوصی طلبائ کےتناسب کو بھی مدنظر رکھا جائے ۔صدر مملکت نے کہا کہ خصوصی افراد کی معذوری کے پیشِ نظر انہیں فراہم کی جا سکنے والی مہارتوں کی لسٹ تیار کی جائے ، اشاروں کی زبان ، بریل ، سافٹ ویئر کی تیاری ، کاروبار قائم کرنے اور اشیاءاور خدمات کی آن لائن فراہمی جیسی مہارتوں سے خصوصی افراد کو لیس کیا جاسکتا ہے ۔صدر مملکت نے نادرا کی جانب سے خصوصی افراد کیلئے ملک بھر میں رجسٹریشن کیلئے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کی جانب سے ٹیلی فون پر خصوصی افراد کی معلومات اور رجسٹریشن کا نظام متعارف کرانے کی ضرورت ہے ، متعلقہ اداروں کے تعاون سے خصوصی افراد کو خصوصی شناختی کارڈز کی فراہمی کیلئے ہر ممکن سہولت فراہم کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ نادرا کے پاس 6 لاکھ کے قریب رجسٹرڈ خصوصی افراد کی تعداد پاکستان میں خصوصی افراد کی آبادی کے حوالے سے اندازوں سے کہیں کم ہے۔
عارف علوی
خصوصی افراد کیلئے موزوں ماحول کی فراہمی ترجیح ہو نی چاہئے : عارف علوی i
Jan 07, 2023