لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ہوم گرائونڈ پر سنچری بنانے کی تمنا پوری ہوگئی۔کراچی میں دوسرا ٹیسٹ میچ بھی ڈرا ہونے کے بعد سرفراز احمد نے پریس کانفرنس کی اور نیوزی لینڈ کیخلاف 118 رنز کی اننگز کو کیریئر کی بہترین اننگز قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ خواہش تھی ٹیسٹ میں ہوم گرائونڈ پر سنچری بناؤں، تمنا پوری ہوگئی، یہ میرے کیریئر کی بہترین سنچری تھی۔ ہم سیشن بائی سیشن کھیل رہے تھے، کوشش میچ جیتنے کی تھی لیکن 2 وکٹیں گرنے کے بعد میچ مشکل ہوگیا۔ آغا سلمان جب آئوٹ ہوئے تو ڈرا کی جانب سوچ جانے لگی، سعود شکیل اور آغا سلمان طویل کھیل جاتے تو نتیجہ ہمارے حق میں ہوتا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ میں تبدیلیاں ہوئیں تو مجھے موقع ملا، بابر اعظم نے بھی پریکٹس میں مجھے کھلانے کا بتایا تھا۔ بابر اعظم ٹیم کے کپتان ہیں، جب تک وہ کپتان ہیں، ہمیں انہیں سپورٹ کرنا چاہیے۔ ہر ٹیم انگلینڈ کی طرح ٹیسٹ کرکٹ نہیں کھیل سکتی، خواہش تھی ٹیسٹ میں ہوم گرائونڈ پر سنچری بناؤں، تمنا پوری ہوگئی۔