لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کی جانب سے پاکستان کو ایشیاکپ کے شیڈول کے حوالے سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ ایشین کرکٹ کونسل کے سربراہ اور سیکرٹری بی سی سی آئی جے شاہ چاہتے ہیں کہ پاکستان بھارت آکر ورلڈکپ کھیلے لیکن بھارت ایشاکپ کیلئے پاکستان نہیں آئے گا، یہ کوئی اصول نہیں۔آپ کہتے ہیں کہ بھارتی کرکٹ بورڈ ایک آزاد ادارہ کہتا ہے لیکن پھر بھی اس قسم کی سیاست ناقابلِ قبول ہے۔جے شاہ سے کوئی بات نہیں ہوئی، البتہ سی ای او فیصل حسنین نے ان سے ملاقات کیلئے ای میل کی لیکن وہاں سے کوئی جواب نہیں آیا۔ اے سی سی کے صدر اور سیکرٹری بی سی سی آئی کی جانب سے کیلنڈر ایئر اور ایشیاکپ کا شیڈول جاری کرنے پر کوئی ای میل یا فون نہیں آیا۔ایشیاکپ کی میزبانی سے متعلق کیے گئے سوال پر نجم سیٹھی نے کہا کہ چاہتے ہیں ٹورنامنٹ میں پاکستان میں ہو اور بھارت آئے لیکن پہلے سے یہ موقف اپنانا ہم پاکستان نہیں آئیں گے، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا اور انگلینڈ سمیت دیگر ٹیمیں پاکستان آچکی ہیں۔ پاکستان اور بھارت کے سیاسی تعلقات صحیح نہیں لیکن اسکا مطلب یہ نہیں بِلا جواز بہانے بنائے جائیں، سال 2011 ء کے ورلڈکپ میں پاکستان کو بھارت میں سکیورٹی ایشوز تھے لیکن ہم آئے۔ سوال پرکہ ایشیاکپ اگر نیوٹرل وینیو پر ہوتا ہے تو کیا پاکستان ورلڈکپ کیلئے بھارت آئے گا؟ نجم سیٹھی جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت فیصلہ کرے گی اگر ہاں کہا تو آئیں گے ورنہ نہیں۔
کر کٹ میں بھا رتی سیا ست نا قا بل قبول ، ورلڈ کپ کھیلنے کا فیصلہ حکومت کر یگی
Jan 07, 2023