لاہور(کامرس رپورٹر ) وفاقی ٹیکس محتسب نے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اشتراک سے سیلز ٹیکس ریفنڈز کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا جس میں وفاقی ٹیکس محتسب آصف محمود جاہ، لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور، سینئر نائب صدر عدنان خالد بٹ، آئرس اورکسٹمز کے سینئر افسران، ایف ٹی اوایڈوائزر لیگل الماس علی جوندا اور لاہور چیمبر کی ایگزیکٹو کمیٹی ممبران شریک تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی ٹیکس محتسب نے کہا کہ جب لوگوں نے سوزوکی کاریں بک کیں تو 17.5 فیصد جی ایس ٹی لگایا گیا لیکن جب کاریں صارفین تک پہنچائی گئیں تو جی ایس ٹی کی شرح 12 فیصد تھی۔ انہوں نے کہا کہ ایف ٹی او کو کافی شکایات موصول ہوئیں اور ایف ٹی او نے ریفنڈز کی واپسی کا فیصلہ کیا۔ صدر پاکستان نے ایف ٹی او کے فیصلے کو برقرار رکھا۔ ایف ٹی او اپنے فیصلوں پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد کو یقینی بناتا ہے۔ انہوں نے لاہور چیمبر میں اس تقریب کے انعقاد پر لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور جو کہ ایف ٹی او کے مشیر بھی ہیں کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ یہ تقریب اس بات کا کافی ثبوت ہے کہ ایف ٹی او فعال ہے اور اوسطاً 60 دنوں کے اندر لوگوں کی شکایات کا ازالہ کر رہا ہے۔ ایڈوائزر لیگل ایف ٹی او الماس علی جوندا نے کہا کہ یہ ادارہ 2000 سے قائم ہے لیکن جب سے آصف محمود جاہ آئے ہیں حالات بہتر ہوئے ہیں کیونکہ وہ ٹیکس سے متعلق مسائل کو سمجھتے ہیں اور ان کا حل تلاش کرتے ہیں۔ شکایات 2700-2800 سے بڑھ کر 6500 تک پہنچ گئی ہیں جو سٹیک ہولڈرز کے ایف ٹی او پر اعتماد کا ثبوت ہے۔ صدر پاکستان نے ایف ٹی او کے 99 فیصد فیصلے کو برقرار رکھا ہے۔لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے وفاقی ٹیکس محتسب کا خیرمقدم کیا اور زیر التواء ٹیکس ریفنڈز کی ادائیگی پر شکریہ ادا کیا۔