کراچی ( اسٹاف رپورٹر)عمیر ثنا فانڈیشن کے تحت تھیلے سیمیا کے مختلف سینٹرز کے بچوں نے معروف ماہر ِ امراضِ خون ڈاکٹر ثاقب حسین انصاری کی قیادت میں ایڈمنسٹریٹر کراچی ڈاکٹر سیف الرحمن سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور انہیں تھیلے سیمیا کے خاتمے ،اس مرض سے متعلق آگاہی میں کردار ادا کرنے اور ایڈمنسٹریٹر کراچی مقرر ہونے پر مبارکبادپیش کی۔ اس موقع پر عمیر ثنا فانڈیشن کی سیکریٹری تحسین اختر ،چیف آپریٹریٹنگ آفیسر ڈاکٹر سید راحت حسین،ایڈمنسٹریٹر اخلاق الدین صدیقی،ڈاکٹر علی انصاری،ڈاکٹر عثمان انصاری اور دیگر بھی موجود تھے۔ملاقات کے موقع پر تھیلے سیمیا کے بچوں نے ڈاکٹر سیف الرحمن کو گلدستے بھی پیش کیے جب کہ ڈاکٹر ثاقب انصاری نے انہیں شیلڈ،روایتی اجرک اور سندھی ٹوپی بھی پیش کی۔ڈاکٹر سیف الرحمن نے تھیلے سیمیا کے بچوں کے وفد کا اپنے دفتر میں خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ تھیلے سیمیا کے مرض سے متعلق آگاہی اور اس کے خاتمے کے لیے ہم سب کو مشترکہ کوشش کرنی چاہیے،اجتماعی کوششوں کے نتیجے ہی میں اس مرض کا خاتمہ ممکن ہے،انہوں نے تھیلے سیمیا کے حوالے سے عمیر ثنا فانڈیشن،ڈاکٹر ثاقب انصاری اور تھیلے سیمیا کے دیگر سینٹرز کی کوششوں کو سراہا اور اپنے ہر ممکن تعان کی یقین دہانی کرائی۔انہوں نے کہا کہ تھیلے سیمیا کے خاتمے کا مشن ایک عظیم مشن ہے،ڈاکٹر ثاقب حسین انصاری نے کہا کہ ڈاکٹر سیف الرحمن نے جس طرح تھیلے سیمیا کے خاتمے کی جدوجہد میں ساتھ دیا ہے وہ قابلِ قدر اور لائقِ تحسین ہے،انہوں نے اس موقع پر تجویز پیش کی کہ کڈنی پارک کی طرح کراچی میں تھیلے سیمیا پارک بنایا جائے اور سندھ اسمبلی سے منظور ہونے والے شادی سے قبل تھیلے سیمیا ٹیسٹ کے بل پر فی الفور عمل درآمد کرایا جائے۔