کراچی ( اسٹاف رپورٹر) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین الطاف شکور نے کہا ہے کہ کراچی میںنئی حلقہ بندیوں کے بغیربلدیاتی انتخابات ناقابل قبول ہیں۔کراچی کے شہری ربڑ اسٹیمپ میئر کو قبول نہیں کریں گے۔ بغیر منصفانہ مردم شماری کے وسائل کی صحیح تقسیم ممکن نہیں ہے۔ صوبائی اور قومی حکومتوں نے بلدیاتی انتخابات کو مذاق بنا دیا ہے۔ پیپلز پارٹی اختیارات کی نچلی سطح پر منتقلی کی چمپئین تھی لیکن اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبائی حکومت کے اختیارات کی توسیع کے بعد چپ کا روزہ رکھ کر بیٹھی ہوئی ہے۔ بگ تھری منافقوں کا ٹولہ ہے۔ بلدیاتی سطح پر اختیارات کی منتقلی بگ تھری کے ایجنڈے میں ہی نہیں ہے۔ایم کیو ایم بھی تیس سال سے اس معاملے پر کھیل کود کرکے بریف کیس لے کر بیٹھ جاتی ہے۔ بلدیاتی انتخابات میں آئین کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔ حکمران حلقے مختلف حربے کھیل کر آئندہ بلدیاتی انتخابات میں اپنے من پسند نتائج حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ آئین کی پاسداری ضروری ہے، قانون اور آئین کا مذاق اڑانا بند ہونا چاہیے۔ پاسبان پریس انفارمیشن سیل سے جاری کردہ بیان میں پی ڈی پی کے چیئرمین الطاف شکور نے مزید کہا کہ بگ تھری پلس ایم کیو ایم اسٹیبلشمنٹ کی پیداوار ہیں۔ یہ عوام کے حقوق کے متعلق سوچتے بھی نہیں ہیں۔ شہر کھنڈر بن گئے ہیں۔ سیورج کی نکاسی کا نظام بوسیدہ ہو چکا ہے۔ صاف پانی عوام خرید کر پیتی ہے۔ ان آزمائے ہوؤں کو عوام اور کب تک آزمائے گی؟ اس وقت وفاق میں گولا گنڈہ حکومت ہے۔ یہ صوبوں کے سامنے بے بس ہیں۔ سارے پرانے سیاست دان میں زدہ ہیں۔ ان پر تا حیات پابندی لگا کر ان کا بلا امتیاز محاسبہ کیا جائے۔ کراچی کے شہری پہلے بھی ان سیاسی جماعتوں کے ہاتھوں کھلونا بنتے رہے ہیں جو کراچی اور اس کے شہریوں سے مخلص نہیں ہیں۔ بلدیاتی انتخابات آئین کے مطابق نئی حد بندیوں کے بعد ہونے چاہئیں