کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنرسندھ نے متحدہ قومی موومنٹ رابطہ کمیٹی کے کنوینر خالد مقبول صدیقی‘ مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد سے ملاقاتیں کیں۔ گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری نے مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبہ کی سیاسی صورتحال، شہر قائد کی تعمیر وترقی کے اقدامات اس ضمن میں تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی ضرورت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ اختلافات ختم کرواکے لوگوں کو باہم جوڑنے کے مشن پر ہوں، اور حلف اٹھاتے ہی اس ضمن میں کاوشوں کا آغاز کردیا تھا۔ کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ مسائل حل کرنے کوئی مسیحا نہیں آئے گا، ہمیں خود کام کرنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ مختلف گروپوں کی باہمی گفت و شنید نہایت خوش آئند ہے، گورنر سندھ نے کہا کہ صرف یہ ایجنڈا ہونا چاہئے کہ ملک کے معاشی حب کو کیسے بہتر کیا جائے، کراچی کو دوبارہ روشنیوں کا شہر بنانے کے لئے اجتماعی کاوش ضروری ہے، اس مقصد کے لئے جس کے پاس جانا پڑا جاﺅں گا۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ آفاق احمد سے بات چیت نہایت مثبت رہی، اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ شہر قائد کے تمام اسٹیک ہولڈرز جلد ایک جگہ بیٹھ کر کراچی کے مسائل کے حوالے سے لائحہ عمل طے کرکے مشترکہ اعلامیہ جاری کریں گے۔ مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے گورنر سندھ کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور حلیم سے ان کی تواضع کی۔بعد ازاں گورنرسندھ کامران خان ٹیسوری سے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں متحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے گورنر ہاو¿س میں ملاقات کی۔ وفد میں رابطہ کمیٹی کے اراکین عبدالوسیم، وسیم اختر، خواجہ اظہار الحسن اور فیصل سبزواری شامل تھے۔ ملاقات میں صوبہ کی مجموعی سیاسی صورتحال،کراچی کی تعمیر و ترقی کے لئے مشترکہ اقدامات، اس ضمن میں تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کراچی کی تعمیر و ترقی چاہتے ہیں، اور میں تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان پل کا کردار ادا کررہا ہوں، کامران خان ٹیسوری نے کہا کہ سب کو ساتھ بٹھا کر ملک کے معاشی حب کی بحالی کے لئے مشترکہ لائحہ عمل کرنے کا خواہش مند ہوں۔
گورنرسندھ ‘ ملاقاتیں
گورنرسندھ کی خالد مقبول صدیقی‘ آفاق احمد سے ملاقات
Jan 07, 2023