گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی )گوجرانوالہ چیمبر کے صدر شیخ فیصل ایوب ،سینئر نائب صدر حمیس گلزار مغل اور نائب صدر عادل ندیم نے مشترکہ بیان میں کہا کہ بزنس کمیونٹی کو ڈالر کی عدم دستیابی نے مسلسل پریشان کر رکھا ہے ۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ فوری طور پر ملک میں ڈالر کی رسد اور طلب کو برابری کی سطح پر بحال کرے ۔ حالات کی سنگینی کو مد نظر رکھتے ہوئے حکومت وقت کو سخت اور مثبت فیصلے کرنا ہوں گے ۔ معیشت کو اپنے پیروں پر کھڑا کرنے،پاکستان کی بقاء اور ایکسپورٹ میں اضافہ کیلئے سٹیک ہولڈرز کو حکومت وقت اعتماد میں لے کیونکہ پاکستان پر جب بھی کوئی مشکل وقت آیا ہے بزنس کمیونٹی نے اپنے مثبت کردار سے پاکستان کو مشکل سے نکالا ہے ۔گوجرانوالہ چیمبرآف کامرس حکومت وقت کے شانہ بشانہ کھڑا ہے اورپاکستان کی خوشحالی کیلئے ہر ممکن تعاون کرنے کو تیار ہے ۔نیز ملکی انڈسٹری کیلئے ایسے دوستانہ اقدامات کرے جس سے ملکی انڈسٹری چلے اور معیشت بہتر ہو کیونکہ بہتر معیشت کا انحصار صرف اور صرف کامیاب انڈسٹری کے چلنے پر ہی منحصر ہے ۔اس کے علاوہ عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے جبکہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح خطرناک حد تک پہنچ کی ہے مہنگائی کو کم کرنے کیلئے فوری طور پر پٹرولیم مصنوعات میں خاطر خواہ کمی لائی جائے تاکہ عوام کو مہنگائی سے ریلیف مل سکے ۔