یونیورسٹی آف اپلائیڈ انجینئرنگ گیم چینجر منصوبہ ثابت ہو گا:کمشنر گوجرانوالہ

Jan 07, 2023


گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) کمشنر گوجرانوالہ غلام فرید نے کہا ہے کہ 16 ارب سے سمبڑیال میں  بنائی جانے والی جدید ترین  یونیورسٹی آف اپلائیڈ انجینئرنگ  اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالو جیز ملکی سطح  کا ایک ایسا گیم چینجر تعلیمی منصوبہ ثابت ہو گا جس کے ذریعے  طلباء و طالبات تعلیم اور ٹیکنالو جی کے میدان میں جدید علوم حاصل کر سکیں گے اور بین الاقوامی معیارکی حامل ڈگری ان کے روشن مستقبل کی ضمانت  کے ساتھ ملکی معیشت کی ترقی و خوشحالی کی نوید بھی ثابت ہو گی ۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت  پہلے مرحلہ میں کم و بیش 5 ارب کی لاگت سے اکیڈمک بلاکس‘ بائونڈری وال‘  ہاسٹل‘ ایڈمنسٹریشن بلاک اور سڑک کی تعمیر سمیت دیگر ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں اور قریبًا سوا ۔ارب کے فنڈز خرچ ہو چکے ہیں۔ کمشنر نے ان خیالات کاا ظہار یونیورسٹی کے تعمیراتی کاموں کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہو ئے کیا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ عبداللہ خرم نیازی نے بذریعہ ویڈیو لنک جبکہ  پراجیکٹ ڈائریکٹر  انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی‘ ڈائر یکٹر  ڈویلپمنٹ محمد عبدالرئوف‘ اسسٹنٹ ڈائر یکٹر حسن عظیم اور گیپکو ‘ ایریگیشن سمیت دیگر محکموں کے متعلقہ افسروں نے شر کت کی۔ کمشنر  نے گیپکو اور ایریگیشن افسروں کو ہدایت کی کہ پراجیکٹ کی جلد تکمیل کے حوالہ سے منصوبے کے اندر آنے والی  ڈرین اور ہائی ٹینشن لائن کو جلد دوسری جگہ پر منتقل کیا جائے تاکہ ترقیاتی سر گرمیاں بلا تعطل جاری رکھی جاسکیں ۔

مزیدخبریں