لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مصباح الحق نے ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ازسرنو بحالی ایک بڑا چیلنج ہے۔ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی سے کھلاڑیوں کیلئے روز گار کے مواقع پیدا ہونگے جبکہ پی پی سی پر بوجھ بھی کم ہوگا۔ ڈیپارٹمنٹل کرکٹ کی بحالی ملکی کرکٹ کیلئے بہت ہی اچھا قدم ہے، اس سے کھلاڑیوں کو آگے آنے کے زیادہ مواقع ملیں گے۔ ایک وقفے اور سپورٹس شعبوں کی بندش کے بعد اب دوبارہ سے سارا سسٹم بنانا ڈیپارٹمنٹس کیلئے چیلنج ضرور ہوگا مگر مجھے یقین ہے کہ تمام محکمے اس سے نبرد آزما ہوں گے۔ یہ تاثر غلط ہے کہ ڈیپارٹمنٹس تیار کھلاڑی لیتے تھے، حقیقت یہ ہے کہ ڈیپارٹمنٹس نے بہت سے باصلاحیت کھلاڑی تیار کئے ہیں۔ صرف سوئی ناردرن گیس نے اظہر علی، عمر اکمل، یاسر شاہ سمیت ان گنت کرکٹرز تیار کیے۔ عمر اکمل نے پہلے فرسٹ کلاس کرکٹ کھیلی، یہاں سے وہ پالش ہوکر قومی ٹیم تک پہنچا۔