لاہور (لیڈی رپورٹر ) یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس لاہور کی فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی نے 16کروڑ 50 لاکھ روپے مالیت سے انڈومنٹ فنڈ کے قیام کی منظوری دیدی ہے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فلیحہ زہرا کاظمی کی زیر صدارت ہونیوالے فنانس اینڈ پلاننگ کمیٹی کے اجلاس میں انڈومنٹ فنڈ کے قیام کی منظوری دی گئی۔ اینڈومنٹ فنڈ سے یونیورسٹی میں طالبات کی سکالر شپ، ریسرچ اینڈ اکیڈمک اور ملازمین کی فلاح و بہبود پر پیسے خرچ کیے جائیں گے۔ اجلاس میں انڈومنٹ فنڈ کیلئے بورڈ آف مینجمنٹ کے سٹرکچر کی بھی منظوری دی گئی۔ 6 رکنی بورڈ آف مینجمنٹ کے ممبران 3 سال کی مدت کیلئے تعینات کیے جائیں گے۔ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر فلیحہ زہرا کاظمی نے اجلاس کو بتایا کہ انڈومنٹ فنڈ کی اصل رقم خرچ کرنے کی اجازت نہیں ہوگی اور فنڈ سے حاصل شدہ آمدن کا 40 فیصد دوبارہ اینڈومنٹ فنڈ کا حصہ بنائی جائے گی۔ انڈومنٹ فنڈ کی آمدن کا 20 فیصد حصہ طالبات کی سکالر شپ کیلئے مختص ہوگا جبکہ 40 فیصد حصہ تحقیق، تعلیم اور ملازمین کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے گا۔