لاہور(نیوز رپورٹر) مرکزی مسلم لیگ کے صدر خالد مسعود سندھو نے کہا ہے کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے اپنا انتخابی منشور فائنل کر لیا ہے۔ آئندہ چند روز میں اس کی تقریب رونمائی منعقد کی جارہی ہے۔ مرکزی مسلم لیگ کی مقرر کردہ ٹیم نے پاکستانی قوم کی امنگوں کے مطابق انتخابی منشور ترتیب دیا ہے۔منشور میں پاکستان کو درپیش سیاسی اور معاشی چیلنجز سے نکالنے کا مکمل لائحہ عمل ترتیب دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ میں ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مرکزی مسلم لیگ کے ترجمان تابش قیوم، لاہور ڈویژن کے صدر چوہدری محمد سرور، جنرل سیکرٹری انجینئر حارث ڈار بھی موجود تھے۔ صدر مرکزی مسلم لیگ خالد مسعود سندھو نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے لوگوں کے زخموں پر مرہم لگانی ہے اور ملک سے محرومیوں کا ازالہ کرنا ہے۔ ہم نے ملک کیلئے سب کچھ قربان کیا ہے اور ہمیشہ قوم کی خدمت کو ملحوظ خاطر رکھا ہے۔ آج پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ ملکی قیادت میں بدنیتی کا ہے۔ مسلم لیگ تھی تو پاکستان بنایا تھا آج مسلم لیگ آ گئی ہے جو پاکستان بچائے گی۔ مرکزی مسلم لیگ قوم کو مایوسی کے اندھیروں سے نکال کر روشنی کے سفر پر لائے گی۔