لاہور(نامہ نگار)کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) پنجاب نے دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے آپریشنز کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 7 دہشت گردوں کو گرفتار کر لیاہے۔سی ٹی ڈی ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردی کے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کے لئے صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں 59خفیہ آپریشنز کئے۔جن کے دوران59مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اورکالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے7 دہشت گردوں کو گرفتارکر کے ان کے قبضہ سے بڑی مقدار میں اسلحہ دھماکہ خیز و دیگر ممنوعی مواد برآمد کر لیاہے۔گرفتاردہشت گردوں میں خان زمان،شاہ محمد،احمد شاہ، خالد محمود،محمد عظیم سرور،نور محمد اورمحمد عابد حسین شامل ہیں۔جن کا تعلق کالعدم تنظیموں تحریک طالبان پاکستان اورسپاہ صحابہ پاکستان سے ہے۔ان دہشت گردوں کی گرفتاری لاہور،بہاولپور، بہاولنگر، سرگودھا،قصور اور شیخوپورہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران عمل میں لائی گئی ہے۔