حافظ آباد: آگ لگنے سے مکان کی چھت گر گئی، میاں بیوی، 2 بیٹیاں جاں بحق

حافظ آباد( نمائندہ نوائے وقت+نمائندہ خصوصی) حافظ آباد کے نواحی گائوں رامکے چٹھہ میں آتشزدگی کے باعث مکان کی چھت گرنے سے میاں بیوی ،دو بیٹیوں سمیت جاں بحق اور 4افراد زخمی ہو گئے،وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے 4افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ہے ۔  وقوعہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ایک پیش آیا ۔ رامکے چٹھہ کے رہائشی محمد آصف خاں نے اپنے گھر کی دوسری منزل پر بکریوں کو سردی سے بچانے کے لئے آگ جلا رکھی تھی جس کے باعث چھت نیچے آگری  اور گھر کے تمام افراد ملنے تلے دب گئے ۔  وقوعہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122کی امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں ۔ امدادی ٹیموں نے نعشوں اور زخمیوں کو ملبے سے نکالا، زخمیوں کو ٹراما سینٹر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں 2افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ملبے تلے دبنے سے 40سالہ محمد آصف خاں، اس کی بیوی 35سالہ شازیہ ، 14سالہ بیٹی ایمان فاطمہ اور 5سالہ بیٹی زلیخہ جاں بحق ہوئی ۔ جبکہ 4افراد نعیم ، علی حمزہ ، عاصم اور عثمان شدید زخمی ہو گئے ۔ وقوعہ کے باعث پورا گائوں سوگوار ہو گیا ۔علاوہ ازیں وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے حافظ آباد کے علاقے میں گھر کی چھت گرنے سے 4افراد کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا ہے ۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا ۔ محسن نقوی نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولتیں فراہم کی جائیں۔ 

ای پیپر دی نیشن