انڈر 19 ورلڈ کپ‘کوئی ٹیم آسان نہیں، ٹرافی جیتنا مشن: سعد بیگ

لاہور (سپورٹس رپورٹر) قومی انڈر 19 ٹیم کے کپتان سعد بیگ نے کہا ہے کہ کوئی ٹیم آسان نہیں، ٹرافی جیت کر آنا مشن ہے۔انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ہدف ہے ورلڈ کپ جیت کر آئیں، سب ٹیمیں ہی مضبوط ہیں، ہم کسی ٹیم کو آسان نہیں لیں گے، ہم پلاننگ کیساتھ میدان میں اتریں گے۔ محمد یوسف سے ہم لوگ بہت کچھ سیکھ رہے ہیں، وقت کیساتھ ساتھ چیزوں میں بہتری آرہی ہے۔ راشد لطیف بطور وکٹ کیپر اور بابراعظم پسندیدہ کھلاڑی ہیں۔ پاکستان کیلئے کپتانی کرنا ایک اعزاز ہے، ہم سب کھلاڑی ایک ہو کر میدان میں اتریں گے، سب کھلاڑیوں سے اچھے کی امید ہے، جو غلطیاں ہم نے کی ہیں ان سے سیکھنے کی کوشش کریں گے۔ کنڈیشنز کے مطابق کھیلنے کی کوشش ہو گی، پہلے بھی بھارت کیساتھ میچ کو دوسرے میچز کی طرح ہی کھیلا تھا، پریشر کے بغیر میدان میں اتریں گے، میں اپنے تمام کھلاڑیوں سے اچھے کھیل کی امید کرتا ہوں۔ ہماری بیلنس ٹیم ہے، فیلڈنگ میں بہت محنت کی ہے، تینوں ڈیپارٹمنٹس میں ہم مضبوط ہیں، کوشش ہو گی کہ ورلڈکپ جیتیں اور قوم کو خوشیاں دیں۔ میرے پاس جو ٹیم ہے وہ بہترین ہے، مستقبل کا کچھ نہیں کہہ سکتا جو کھلاڑی پرفارم کریگا وہ کھیلے گا۔واضح رہے کہ پاکستان انڈر 19 ٹیم گزشتہ رات ورلڈ کپ میں شرکت جنوبی افریقہ چلی گئی ۔

ای پیپر دی نیشن