لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندگان+ ایجنسیاں) شدید دھند کے باعث پروازوں کی منسوخی اور تاخیر کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جبکہ بجلی اور گیس طویل لوڈشیڈنگ نے شہریوں کو اذیت میں مبتلا کئے رکھا، ٹریفک حادثات میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا جبکہ متعدد افراد شدید زخمی ہو گئے۔ این ا ین آئی کے مطابق دھند کے باعث لاہور سے الماتے جانے والی پرواز ڈی وی 850 منسوخ کر دی گئی۔ پی آئی اے کی ابوظہبی جانے والی پرواز پی کے 263 ڈھائی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی جبکہ پی آئی اے کی لاہور سے مسقط جانے والی پرواز پی کے 291 بھی 5 گھنٹے تاخیر کا شکار رہی ۔ پی آئی اے کی لاہور سے دبئی جانے والی پرواز پی کے 283ساڑھے تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی جبکہ نجف جانے والی پرواز 342اور پی آئی اے کی کراچی جانے والی پروازیں بھی تاخیر کا شکار رہیں۔ پی آئی اے کی لاہور سے دمام جانے والی پرواز پی کے 247 پانچ گھنٹے اور دبئی جانے والی پرواز پی کے 235 میں بھی پانچ گھنٹے تاخیر ہوئی۔ دبئی سے لاہور آنے والی پرواز پی کے 122 گیارہ گھنٹے کی تاخیر سے پہنچی جبکہ نجف سے آنے والی پرواز آئی ایف 341کی آمد میں بھی تاخیر ہوئی۔ ملک بھر میں گیس پریشر میں کمی سے عوام پریشان ہو گئے کہیں گیس پریشر کم تو کہیں گیس مکمل غائب ہے گھریلو صارفین اور کاروباری طبقے کو مشکلات کا سامنا ہے۔ کوئٹہ سے کئی علاقوں میں گیس پریشر میں کمی ہے، پشاور میں بھی گھریلو صارفین گیس سے محروم ہیں۔ لاہور کے کئی علاقوں میں گیس نایاب ہے۔ غیر قانونی کمپریسر کے استعمال کی بھی شکایات ہیں، کراچی کے مختلف علاقوں میں گیس فراہمی متاثر ہے، شہریوں نے گیس کی فراہمی اور گیس نرخوں میں کمی کا مطالبہ کیا ہے۔ سیالکوٹ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق سیالکوٹ میں بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے ۔ سیالکوٹ کے شہری علاقوں میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ دیہی علاقوں کی نسبت کم ہے جبکہ دیہات میں بجلی کی آنکھ مچولی جاری ۔ گھنٹوں بجلی غائب رہنا معمول بن چکا ہے۔ صنعتی ایریا میں بھی بجلی کا آنکھ مچولی جاری ہے۔ سیالکوٹ ایکسپورٹ شہر ہونے کے باعث بجلی بحران کے باعث انڈسٹری کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ تاجر برادری بجلی کی لوڈ شیڈنگ سے پریشان ہیں۔ پنڈی بھٹیاں سے نامہ نگار کے مطابق شدت کی سردی گیس اور بجلی نایاب عوام پریشانی میں مبتلا خواتین گھروں میں کھانے پکانے سے معذور، تفصیلات کے مطابق دھند اور ابر آلود کے باعث کاروبار زندگی ٹھپ ہو کر رہ گیا۔ مساجد میں بھی بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کے باعث مساجد میں نمازیوں کو وضو کے لئے پانی بھی میسر نہیں ۔ کوئلے اور ایندھن میں استعمال ہونے والی لکڑیوں کی قیمتیں آسمانوں سے باتیں کر رہی ہیں۔ بہاول پور سے نامہ نگار کے مطابق سوئی گیس کی لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر نے عوام کو عذاب میں مبتلا کردیا طلبہ و طالبات اور ملازمت پیشہ لوگ بھو کے گھروں سے نکلنے پر مجبور ہوگئی اور گھریلو خواتین گیس کی آنکھ مچولی سے عاجز آ گئیں سیٹلائٹ ٹاؤن مہاجر کالونی ماڈل ٹان اے بی سی شاہدرہ بھٹہ جات صادق کالونی محمدیہ کالونی ٹرسٹ کالونی اور اندرون شہر کے شہری بجلی گیس لوڈ شیڈنگ پر سراپا احتجاج ہیں۔ اٹک سے اے پی پی کے مطابق ملہوالی روڈ پر کینٹ موڑ کے قریب کار اور ٹریلر کے درمیان تصادم کے نتیجے میں کار میں سوار عابد موقع پر جاں بحق ہو گیا جبکہ 5 مسافر زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں زوجہ عابد ، الیاس بیٹے، حسیب اور 2 (بیٹیاں) دختران عابد شامل ہیں۔ تمام زخمیوں کو ڈاکٹر کی ہدایت پر ریسکیو ایمبولینس میں راولپنڈی منتقل کر دیا گیا۔