لاہور ( این این آئی) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے اسلامی جمہوریہ پاکستان کے آئین کے آرٹیکل 128کی شق(01)کے تحت سرکاری ملازمین ترمیمی آرڈیننس (پنجاب سول سرونٹس امینڈمینٹ آرڈیننس 2023) جاری کر دیا۔ آرڈیننس میں سرکاری ملازمین کی پنشن سے متعلق شق میں ترمیم کی گئی ہے۔ کنٹریبیوشن پنشن سکیم کے تحت حکومت اور سرکاری ملازم دونوں پنشن اکائونٹ میں حصہ ڈالیں گے۔ یہ رقم پنشن فنڈ میں سرکاری ملازم کی ریٹائرمنٹ تک انویسٹ کی جائے گی۔ ریٹائرمنٹ پر فنڈ میں جمع کی رقم کو دوبارہ انویسٹ کر کے سرکاری ملازم کی ماہانہ پنشن کی ادائیگی کی جائے گی۔متعین کردہ کنٹریبیوشن پنشن سکیم کا اطلاق آرڈیننس کی جاری کردہ تاریخ یا اس کے بعد بھرتی ہونے والے سرکاری ملازمین پر ہو گا۔