ہارون آباد (نامہ نگار) مسلم لیگ ضیاء کے سربراہ محمد اعجاز الحق نے کہا ہے کہ8 فروری کے انتخابات ملکی تاریخ میں نہایت اہمیت کے حامل ہیں اور ان کے صاف شفاف ہونے کے بارے میں پر امید ہیں.9 مئی کے واقعات کی سب کو مذمت کرنی چاہئے۔ عام انتخابات کے لئے قومی و ملکی یکجہتی کے وژن کے تناظر میں ملک بھر کی مختلف چھوٹی اور بڑی جماعتوں کے رہنماؤں اور انفرادی الیکشن میں حصہ لینے والے الیکٹیبلز کے ساتھ رابطے نہایت خوش گوار رہے ہیں اور یہ فیصلہ تقریباً کر لیا ہے کہ ہم سب مل کر قومی یکجہتی اتحاد یعنی نیشنل پولیٹیکل الائنس کے تحت الیکشن میں حصہ لیں گے اور اس الائنس کا بنیادی مقصد قومی اتحاد کی فضا کو قائم رکھنے کے لیے مشترکہ لائحہ عمل پر عمل پیرا ہونا ہے۔ اس نیشنل پولیٹیکل الائنس اور آزاد الیکٹیبلز کا یہ اتحاد اور مشترکہ پالیسی ملکی اور قومی سلامتی کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ثابت ہو گی اور پاکستان کی سیاست میں استحکام کیلئے اس کا کردار کلیدی ہوگا اور پاکستان میں سب مل کر ملکی ترقی کیلئے کوشاں رہیں گے۔