راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ قوموں کی ترقی میں تعلیم کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ آج ٹیکنالوجی کا دور ہے۔ ٹیکنالوجی کے میدان میں ترقی کر کے ہم بحثیت قوم آگے بڑھ سکتے ہیں۔ یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا ٹیکنالوجی کی تعلیم کے حصول میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا کے اکیسویں کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا میں بی ایس سی گریجویٹنگ ڈگری کے اکیسویں کانوکیشن کا انعقاد کیا گیا۔کانوکیشن میں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے بحثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ سویڈش انسٹیٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے 80 طلبا ، ایپ کام کے 76 طلبا اور ڈاکٹر اے کیو خان انسٹیٹیوٹ آف کمپیوٹر سائنسز اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے 35 طلبا کو اسناد دی گئیں۔گورنر پنجاب نے طلبا میں میڈلز اور اسناد تقسیم کیں۔ کانوکیشن سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ کانوکیشن کی صدارت کرنا باعث افتخار ہے۔ یو ای ٹی ٹیکسلا اعلی تعلیم کے حصول کے حوالے سے منفرد اور اعلی مقام رکھتی ہے۔آج کا دن طلبا کے ساتھ ان کے والدین کے لیے بھی اہمیت کا حامل ہے ۔ انسان کی کامیابی میں والدین اور اساتذہ کا تعمیری کردار ہوتا ہے۔یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی ٹیکسلا سے فارغ التحصیل ہونے والے طلبا کو مبارک باد پیش کرتا ہوںکانوکیشن کے اختتام پر گورنر پنجاب کو شیلڈ پیش کی گئی ۔قبل ازیں گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمن نے یونیورسٹی کے احاطے میں سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک، سولر پلانٹ اور ای آر پی کمرشلآئزیشن کا افتتاح کیا۔