پاکستان مسلم ن کے صدر و سابق وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ 8 فروری کے انتخابات پاکستان کی ترقی کا نکتہ آغاز ثابت ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق صدر پاکستان مسلم لیگ ن شہباز شریف سے پارٹی رہنماؤں نےملاقات کی ہے، سابق وزراء خواجہ سعد رفیق، خواجہ سلمان رفیق، میاں جاوید لطیف، میاں عطا مانیکا، ملک افضل کھوکھر، محسن شاہنواز رانجھا، ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی، سردار عرفان ڈوگر ملاقات کرنے والوں میں شامل تھے، ملک سیف الملوک کھوکھر، چودھری محمد طفیل جٹ اور محمد اشرف جٹ نے بھی پارٹی صدر سے الگ الگ ملاقات کی۔ملاقات میں پارٹی امور اور انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا،شہباز شریف نے عام انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں کے جذبے کی تعریف کی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کے لیے انقلابی اقدامات کریں گے،عوام دیکھ چکے مسلم لیگ (ن) کے سوا باقی سب نے دھوکہ دیا، عوام سے وعدے صرف نواز شریف نے پورے کئے۔سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ مالیاتی اداروں، سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ عوام کے اعتماد کو بحال کریں گے، اقتصادی پالیسی میں توازن لائیں گے، عوام اور مالیاتی اداروں دونوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔