امن وامان کے تمام ترحکومتی دعوؤں کے باوجود کراچی میں خون کا کھیل مسلسل دوسرے روزجاری رہا، گارڈن کے علاقے مکی مسجد کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے دو افراد جاں بحق اور ایک زخمی ہوگیا ، بلدیہ ٹاون تین نمبر سے نوجوان کی لاش جبکہ ماڑی پور میں دو بوری بند لاشیں اور گلشن حدید سے دوافراد کی تشدد زدہ لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ رشید آباد میں فائرنگ کے واقعے میں دوافراد ہلاک ہوگئے۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ کا سلسلہ اب بھی جاری ہے اور شہر گینگ وار کا منظرپیش کررہا ہے۔ بلدیہ ٹاؤن، رشید آباد، اورنگی ٹاؤن، کٹی پہاڑی اورگلشن اقبال میں فائرنگ سے متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ گلستان جوہرکے علاقے میں میلنئم شاپنگ مال اور پرفیوم چوک میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل اورسات افراد کو زخمی کردیا جبکہ شارع نور جہاں کے قریب فائرنگ سے ایک شخص ہلاک اورایک زخمی ہوا۔ صبح کراچی کے علاقے گلشن اقبال بلاک ون میں سٹارکلب کے نزدیک کھڑی منی بس ڈی سیون میں پانچ افراد کی لاشیں ملیں جنہیں تشدد کے بعد فائرنگ کرکے ہلاک کیا گیا تھا۔ شدید کشیدہ حالات کی وجہ سے کاروبار زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ اس سے پہلے منگل کے روز فائرنگ کے مختلف واقعات میں سترہ افراد ہلاک ہوگئے تھے،وزیرداخلہ رحمان ملک نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرنے کا حکم دے دیا ہے