”حکمرانوں نے دہشت گردوں کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے“ تحفظ ناموس رسالت محاذ کی شہدا داتا دربار ریلی

Jul 07, 2011

سفیر یاؤ جنگ
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحفظ ناموس رسالت محاذ کے زیر اہتمام دہشت گردی، مساجد، مزاروں خصوصا داتا دربار خودکش حملے کے خلاف داتا دربار سے کلب چوک تک شہدا داتا دربار ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکا امریکہ کا جو یار ہے‘ غدار ہے غدار ہے، اولیاءکا ہے فیضان پاکستان پاکستان، فساد مردہ باد‘ جہاد زندہ باد، پاکستان بنایا تھا، پاکستان بچائیں گے کے نعرے لگاتے رہے۔ ریلی سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ حکمرانوںنے دہشت گردوں کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں، مرکز اور صوبہ میں اختلافات ہیں مگر دونوں حکومتیں اس بات پر متفق ہیں کہ دہشت گردوں کو کھلی چھٹی دینی ہے، حکمرانوںکی غلط پالیسیوں کی وجہ سے پاکستان امریکہ کی کالونی بن چکا ہے۔ تحفظ ناموس رسالت محاذ کے صدر علامہ رضائے مصطفی نقشبندی نے ریلی کے شرکا سے خطاب میں کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت شہدا داتا دربار کے قاتلوں کو گرفتار کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ جنرل سیکرٹری مولانا محمد علی نقشبندی نے الزام عاید کیا کہ پنجاب حکومت دہشت گردوں کی سرپرستی کر رہی ہے اور اس میں اہم کردار رانا ثناءاللہ ادا کر رہے ہیں۔ مسلم لیگ (ن) آئندہ الیکشن میںعوام سے کس منہ سے ووٹ مانگے گی، ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا کہ سنی اتحاد کونسل کی طرف سے 11 ستمبر کی کراچی سے اسلام آباد تک ٹرین مارچ میں بھرپورشرکت کی جائے۔ مولانا خادم حسین رضوی نے کہا حکمرانوں کو فیصلہ کرنا ہو گا کہ انہوں نے ملک بچانا ہے یا دہشت گردوں کو۔ علامہ پیر محمد اطہر القادری نے کہا کہ پاکستان اہل سنت نے بنایا تھا جن کے اکابرین نے پاکستان بننے کی مخالفت کی تھی انہی لوگوں نے امریکی اشاروں پر چلتے ہوئے کالعدم تنظیمیں بنائیں۔ مفتی محمد حسیب قادری نے کہا کہ اہل سنت پرامن تھے ہیں اور رہیں گے۔ مولانا مجاہد عبدالرسول خان نے کہا کہ حکومت اگر دہشت گردوں کے خلاف سنجیدہ ہے تو خود کش حملہ آور سپلائی کرنے والے مدارس، مساجد اور ان کے مکمل نیٹ ورک کو بے نقاب کرے۔ ریلی میں مختلف قرار دادیں بھی منظور کی گئیں۔
ریلی
مزیدخبریں