لاہور (سٹاف رپورٹر/ اے پی پی/ ثناءنیوز) پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض احمد نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف پنجاب میں فوری طور پر بلدیاتی انتخابات کروائیں ”ٹوپی ڈرامہ وزیراعلیٰ“ آج کل لندن میں 24 رکنی وفد کے ہمراہ بیٹھ کر پاکستان کو بدنام کر رہے ہیں، وہ اپنے علاج اور کاروبار کیلئے سرکاری دورے پر لندن گئے، پیپلزپارٹی جب چاہے بھگوڑے وزیراعلیٰ کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک لا سکتی ہے مگر ہم ایسا نہیں کرینگے، گرینڈ الائنس مفادپرست عناصر کا گروہ ہے۔ چیف جسٹس ہائیکورٹ میانوالی میں مظاہرین پر فائرنگ سے ہلاکتوں کے واقعہ پر ازخود نوٹس لیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز پنجاب اسمبلی کیفے ٹیریا میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شوکت محمود بسرا کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راجہ ریاض احمد نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی فی الحال سیاسی جنگ شروع نہیں کرنا چاہتی۔ شہبازشریف پنجاب کے ڈوبتے شہروں میں پانی کے اندر تصویریں بنوانے کی بجائے اب لندن میں بسوں کی چھتوں پر بیٹھ کر ڈرامے کر رہے ہیں اور پنجاب کی ٹریفک انگلینڈ میں بیٹھ کر کنٹرول کر رہے ہیں یہی وجہ ہے کہ میانوالی میں دو افراد ریاستی فائرنگ سے قتل ہو گئے۔ انہوں نے کہاکہ شہبازشریف اقلیتی وزیراعلیٰ بھی ہیں، حالیہ بجٹ بھی صدر زرداری کی مرہون منت سے پاس ہوا۔ راجہ ریاض نے کہاکہ وزیراعلیٰ کے کرپشن کے حوالے سے واویلا کے باعث سرمایہ کار پاکستان آنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔کیا شہبازشریف نے پنجاب میں پٹواری، تھانیدار اور ایس پی کی کرپشن ختم کردی؟ انہوں نے الزام لگایا کہ وزیراعلیٰ کلمہ چوک میں اوورہیڈ برج پر پانچ ارب روپے جنوبی پنجاب کے فنڈز سے کاٹ کر لگا رہے ہیں۔ وہ کبھی کلمہ چوک کے نام سے اور کبھی ہنی کے نام سے پل بناتے ہیں۔ جنرل جیلانی کے سکول کو تعلیم کا بجٹ کاٹ کر پانچ کروڑ روپے دیئے۔گرینڈ الائنس کا حشر بھی اے پی ڈی ایم جیسا ہوگا۔ ایم کیو ایم کے ساتھ مفاہمت کی پالیسی جاری رہے گی۔
راجہ ریاض