مصری خاتون ریسلر کومعطلی کے بعد جرمانے کی سزا کا سامنا

Jul 07, 2013

قاہرہ (آن لائن) مصری فری سٹائل ریسلر خاتون انس مصطفیٰ یوسف خورشید کو اپنی اسرائیلی مد مقابل ایلا کرتاش کے جسم پر کاٹنے کی وجہ سے مزید قانونی وانضباطی کارروائی کے علاوہ جرمانے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔اس سے قبل وہ ابتدائی انضباطی کارروائی کے باعث ریسلنگ مقابلے کے فائنل میں پہنچنے سے پہلے ہی میچ سے باہر ہوگئی تھیں۔ مصری ریسلر خاتون پر یہ الزام بھی عاید کیا گیا تھا کہ انھوں نے اپنی اسرائیلی مدمقابل کے ساتھ پروٹوکول کے مطابق سیمی فائنل میچ سے پہلے یا بعد میں ہاتھ ملانے سے بھی انکار کردیا تھا۔ بین الاقوامی ریسلنگ فیڈریشن کے صدرنیناد لالووک کی طرف سے ایسوسی ایٹڈ پریس کو لکھی گئی ایک ای میل میں بتایا گیا ہے کہ مصری فری سٹائل ریسلر خاتون کو بوجوہ پہلے ہی فیڈریشن کی طرف سے معطل کردیا گیا تھا،اب اس کے خلاف مزید کارروائی کی جاسکتی ہے اوراس بارے میں فیڈریشن کا قانونی کمیشن جلد فیصلہ کرے گا۔نیناد لالووک کے مطابق قانونی کمیشن انس مصطفیٰ یوسف خورشید کو جرمانہ بھی کرسکتا ہے۔واضح رہے مصری خاتون ریسلر پر پابندی لگنے کی وجہ سے اسرائیلی ریسلر ایلا کارٹش 67 کے جی کیٹگری کے فائنل مقابلے میں پہنچنے میں کامیاب ہو گئی تھی۔

مزیدخبریں