لاہور (این این آئی‘ آن لائن) نائیجیریا کے شمال مشرقی علاقے میں واقع ایک بورڈنگ سکول پر شدت پسندوں کے حملے میں استاد سمیت 42 طلباءہلاک ا ور متعدد زخمی ہو گئے۔ ہفتہ کو دہشت گردی کی یہ کارروائی طلوع آفتاب سے قبل یوب ریاست کے علاقے مامودو کے قصبے پوٹسکم میں کی گئی۔ متعدد طلباءگولیاں لگنے اور جھلس جانے کے باعث شدید زخمی ہو گئے۔ واقعے سے میڈیا کو آگاہ کرتے ہوئے حکام نے بتایا کہ دہشت گردوں نے اس رہائشی سکول پر اس وقت حملہ کیا جب طلباءسو رہے تھے۔ فائرنگ کی آواز سن کر سکول کے ہوسٹل میں بھگدڑ مچ گئی اور طلباءنے جان بچانے کیلئے اِدھر اُدھر دوڑنا شروع کر دیا جس کے بعد دہشت گردوں نے نہ صرف ان نہتے طلباءکو گولیو ں کا نشانہ بنایا بلکہ بورڈنگ ہاﺅس کی عمارت کو آگ بھی لگا دی جس کے باعث بہت سے زخمی اور بچ جانے والے طلباءآگ کے شعلوں کا شکار ہو گئے۔