لندن (سپورٹس ڈیسک) سربیا کے نووک ڈجکووک نے سوئٹزر لینڈ کے راجر فیڈرر کو شکست دے کر ومبلڈن اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ ہوا اور فیصلہ آخری سیٹ میں ہوا۔ نووک نے پہلا سیٹ ہارنے کے باوجود اچھا کم بیک کیا۔ انہوں نے سات نو‘ چھ چار‘ سات چار‘ پانچ سات اور چھ چار سے کامیابی حاصل کی۔ نووک نے ومبلڈن اوپن دوسری بار جبکہ کیریئر کا ساتواں گرینڈ سلام سٹائل اپنے نام کیا۔ میچ کے اختتام پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ومبلڈن جیتنے پر بے حد خوش ہوں۔ اچھا مقابلہ ہوا، کسی بھی لمحے ہمت نہیں ہاری اور آخر کار ٹائٹل جیتنے میں کامیاب رہا۔گھاس پر پہلی بار آمنا سامنا ہوا ‘دل میں سوچ لیا تھا کہ ابھی کھیل بہت باقی ہے اور فیصلہ میرے حق میں ہوا۔فیڈرر جارحانہ کھیل کھیلتے ہیں ‘لمبے میچ کیلئے میں جسمانی طور پر تیار تھا۔ راجر فیڈر نے کہا کہ مقابلہ اچھا تھا ہار جیت کھیل کا حصہ ہے نووک اچھا کھیلے اور وہ جیت گئے۔جیک سوک اور ویسک پوسپل نے مینز ڈبلز کا ٹائٹل جیت لیا۔امریکہ کے جیک سوک اور کینیڈا کے ویسک پوسپل نے امریکا کے باب برائن اور مائیک برائن کو -6 ، 6-7 ، 6-4 ، 6-3 اور 7-5 سے شکست دے کر پہلی بار ٹائٹل اپنے نام کیا۔