لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی پاکستان کے قائم مقام امیر لیاقت بلوچ سے منصورہ میں افغانستان کے وفد، نیشنل لیبر فیڈریشن اور شباب ملی کے نوجوانوں کے وفود نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے عوام ہمسایہ ہی نہیں اسلام کے لازوال رشتوںسے وابستہ ہیں۔ افغانستان میں امن اُسی صورت ممکن ہے کہ بیرونی جارح اور قابض افواج افغانستان سے نکل جائیں اور افغان عوام کو آزادانہ طریقے سے اپنے مستقبل کے فیصلہ کا حق ملنا چاہیے۔ تخریب کاری اور دہشت گردی پاکستان اور افغانستان کے عوام کی مشترکہ تباہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی خطہ میں حق اور انصاف کی بنیاد پر امن چاہتی ہے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ پی آئی اے اور پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری کا فیصلہ مزدوروں کے معاشی قتل کے مترادف ہے۔ قومی اداروں کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے یہ ادارے کسی ایک پارٹی یا حکومت کے نہیں بلکہ پوری قوم اس کی وارث ہے۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی قومی اداروں کی نجکاری کے خلاف ہے اور محنت کشوں کے حقوق کے تحفظ اور قومی اداروں کے بچائو کے لیے ہرممکن جدوجہد کرے گی۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ اسلام کی تاریخ میں ہمیشہ نوجوانوں نے کردار ادا کیا۔