لاہور (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف نے دھرنے کے دوران اپنے بہترین ساﺅنڈ سسٹم اور منتخب گانوں سے شرکاءکو محظوظ کرنے والے ڈی جے بٹ کو چونا لگا دیا، پی ٹی آئی نے ڈی جے بٹ کے 8کروڑ روپے دبا لئے۔ڈی جے بٹ نے عمران خان سمیت پی ٹی آئی کے دیگر رہنماﺅں کے خلاف عدالت جانے کا فیصلہ کرلیا۔ ڈی جے بٹ نے میڈیا سے بات چیت کرتے بتایا دھرنے سے پہلے پی ٹی آئی کے ہیڈکوارٹر سے مجھ سے رابطہ کر کے ایک دو دن کے دھرنے کےلئے کوٹیشن مانگی گئی، میرا ریٹ سب سے کم ہونے کی وجہ سے مجھے دھرنے کا کنٹریکٹ دیا گیا تھا، ہمیں اندازہ نہیں تھا کہ دھرنا اتنا لمبا ہو جائے گا اور 126دن تک چلے گا، اس کے باوجود ہم نے سروسز مہیا کیں، دھرنے کے دوران ہمیں 40 فیصد رقم دی جاتی رہی، میرے 60 ٹرک اور قریباً 60 جنریٹر دھرنے میں کام پر لگے ہوئے تھے اور 600کے قریب لڑکے میں نے کام پر رکھے ہوئے تھے، بارش میں بھی سسٹم کو چلایا گیا، جس کی وجہ سے ہمارا بہت نقصان ہوا مگر پھر بھی ہم نے کام جاری رکھا، جب دھرنا ختم ہوا تو ہمیں کہا گیا کہ ایک ہفتے میں پیسوں کی ادائیگی کر دی جائے گی جو چھ ماہ گزر جانے کے باوجود ابھی تک نہ کی جا سکی۔ علیم خان نے مجھ سے کہا کہ 8کروڑ میں سے 3کروڑ لے لو اور قصہ ختم کرو لیکن میرے ذمے تو ابھی تک 5کروڑ روپے مارکیٹ میں واجب الادا ہیں، میں کیسے تین کروڑ میں گزارہ کر سکتا ہوں، دوسری طرف پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق نے ڈی جے بٹ کو معاملات طے کرنے کےلئے بلا لیا اور کہا آپ میرے چھوٹے بھائی کی طرح ہیں، آپ پی ٹی آئی اور دھرنے کے ہیرو ہیں اگر آپ کے واجبات ہیں تو آئیں مجھ سے مل کر بتائیں آپ کی رقم آپ کو دلاﺅں گا۔
ڈی جے بٹ