مانچسٹر( آن لائن )فٹبال کلب مانچیسٹر یونائیٹڈ نے کلب ایورٹن کے سٹرائیکر رومیلو لوکاکو کو تقریباً 75 ملین پاو¿نڈ کے عوض حاصل کرنے کی رضامندی ظاہر کر دی ہے۔بیلجیئم سے تعلق رکھنے والے 24 سالہ انٹرنیشنل فٹبالر رومیلو لوکاکو نے گذشتہ سیزن میں 25 گول کیے تھے۔ادھر مانچیسٹر یونائیٹڈ نے تمام موسمِ گرما رومیلو لوکاکو کو حاصل کرنے کی کوشش جاری رکھی اور اب وہ ریال مڈرڈ کے الوارو موراتا کو نہیں خریدیں گے۔
یاد رہے کہ لوکاکو کو حاصل کرنے سے مانچیسٹر یونائیٹڈ کے سٹرائکر وین رونی کو ایورٹن کو بیچنے کے حوالے سے مذاکرات کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ہوزے مورینو کے کلب مانچیسٹر یونائیٹڈ کو امید ہے کہ سیزن کے آغاز سے قبل کیے جانے والے امریکہ کے دورے کے لیے رومیلو لوکاکو ٹیم میں شامل ہو جائیں گے۔ یاد رہے کہ یہ دورہ اتوار کو شروع ہونا ہے۔گذشتہ سیزن کے اختتام سے قبل ہوزے مورینو نے مانچیسٹر یونائیٹڈ کے نائب چیئرمین ایڈ وڈورڈ کو ایک فہرست دی تھی جس میں رومیلو لوکاکو کا نام بھی شامل تھا۔مانچیسٹر یونائیٹڈ کے اعلان سے قبل خیال کیا جا رہا تھا کہ لوکاکو اپنے سابق کلب چیلسی چلے جائیں گے۔2014 میں جب ہوزے مورینو چیلسی کے مینیجر تھے تو انھوں نے 28 ملین پاو¿نڈ میں لوکاکو کو ایورٹن بھیج دیا تھا۔لوکاکو کے مینیجر مینو ریالو ہیں جو کہ کھلاڑیوں پال پوگبا، زتلان ابراہیمووچ، اور ہنرکھ مختاریاں کی بھی نمائندگی کرتے ہیں۔ ان تینوں کھلاڑیوں کو اس سال مانچیسٹر یونائٹڈ نے خریدا ہے۔