گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی ) موٹر سائیکل چوری کرنے کے شبہ میں شہریوں کے ہاتھوں وحشیانہ تشدد کا نشانہ بننے والا مبینہ چور ہسپتال پہنچ کر جاں بحق ہوگیا ، پو لیس نے مقدمہ درج کر کے پانچ افراد کو گرفتار کر لیا ،تفصیلات کے مطابق گزشتہ رات گئے ڈنگہ پھاٹک کے قریب شہریوں نے موٹر سائیکل چوری کرنے کے شبہ میں جناح ٹاؤن کے رہائشی شاہد کو پکڑ نے کے بعد اسے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث اسکی حالت ناساز ہو گئی۔ اس دوران واقعہ کی اطلاع پا کر سول لائن پو لیس بھی موقع پر پہنچ گئی ، ملازمین نے مبینہ چور کو شہریوں سے چھڑوانے کر فوری طور پر طبی امداد کی فراہمی کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا جہاں پر وہ کچھ دیر موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد جان کی بازی ہار گیا ، سٹی پولیس آفیسراشفاق خان کا کہنا ہے کہ کوئی شخص قانون سے بالا نہیں، دوران تفتیش حقائق سامنے لا کر عدل کے تقاضے پورے کریں گے اور تھانہ سول لائن میں شہریوں کے ہاتھوں تشدد سے ہلاک ہونیوالے مبینہ چور شاہد کے بھائی نعیم نے دی جانیوالی درخواست میں موقف اختیار کیا کہ شاہد کی بہن کو پھوپھو کے گھر چھوڑ کر واپس آرہا تھا کہ ڈنگہ پھاٹک کے قریب عمر عبداللہ، عرفا ن علی ، میاں مدثر یاسین ، محمد شاہد اور محمدسرور وغیرہ آٹھ نامزد اور چھ نامعلوم افراد نے اللہ رکھا اور شاہد کی ایماء پر اسکے بھائی سے موٹر سائیکل اور موبائل فون چھینے کے بعد اسے ڈنڈوں اور مکوں سے تشدد کیا ، جس کے باعث وہ جاں بحق ہو گیا، اس حوالے سے پو لیس کا کہناہے کہ پانچ ملزمان کو گرفتار کر کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے ریڈ کئے جارہے ہیں ، اور حراستی ملزمان سے تفتیش جاری ہے ۔
گوجرانوالہ: شہریوں کے ہاتھوں تشدد کا نشانہ بننے والا مبینہ چور ہسپتال میں دم توڑ گیا
Jul 07, 2017