کراچی (نیوز رپورٹر) دعوت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے رکن محمد عقیل عطاری مدنی نے کہاہے کہ حج بیت اللہ وہ عظیم اور عمدہ عبادت ہے کہ عاشقان رسول اس عباد ت کو بجالانے کیلئے خودگڑ گڑا کر دعائیں مانگتے اوردوسروں سے بھی دعائیں کرواتے ہیں ،جس طرح قرآن کریم مکہ مکرمہ کی شان وعظمت کی گواہی دے رہاہے ،اسی طرح مختلف احادیث مبارکہ میں بھی مکہ مکرمہ کے عظیم الشان فضائل کو بیان کیا گیا ہے،مکہ مکرمہ میں ایک نماز کا ثواب ایک لاکھ نمازوں کے برابر ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عالمی مدنی فیضان مدینہ میں اجتماع سے کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جس شخص کی حج یا عمرہ کرنے کی نیت تھی اور اسی حالت میں اسے حرمین یعنی مکہ یا مدینے میں موت آگئی تو اللہ پاک اسے بروز قیامت اس طرح اٹھائے گا کہ اس پر حساب ہوگا نہ عذاب بلکہ وہ بروز قیامت امن والے لوگوں میں اٹھایا جائے گا ۔ محمد عقیل عطاری مدنی نے کہاکہ مکہ مکرمہ میں فضیلت وبرکت والے بہت سے مقامات موجود ہیں مگر ان میں کعبہ شریف کو سب سے زیادہ فضیلت حاصل ہے ،اللہ تعالیٰ نے کعبہ شریف کو عظیم الشان خصوصیات سے نوازہ ہے لہٰذا ہمیں بھی چاہئے کہ ہم دنیا وی الجھنوں میں الجھے رہنے کی بجائے حرمین طیبین کی حاضری کیلئے کوششیں جاری رکھیں ،اس کیلئے اللہ پاک کی بارگاہ میں رو رو کر دعائیں مانگیں ،والدین اور اللہ پاک کے مقبول بندوں کی بارگاہ میں حاضر ہو کر ان سے دعائیں کروائیں۔