نئی دہلی (آئی این پی) بھارت میں پاکستان کے ہائی کمشنر سہیل محمود نے بھارت کے ساتھ باہمی احترام اور برابری کی بنیاد پر پرامن، تعاون اور اچھی ہمسائیگی پر مبنی تعلقات کے لئے پاکستانی قیادت کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان پرامن اور تعاون پر مبنی تعلقات کے قیام کیلئے عوام کے عوام سے باقاعدہ روابط ناگزیر ہیں ۔بھارت کے دورے پر آئے پاکستانی طلبا کے 71 رکنی گروپ سے گفتگو کر تے ہوئے ہائی کمشنر نے کہا پاکستان بھارتی دانشوروں، اساتذہ، فنکاروں، کھلاڑیوں اور سول سوسائٹی کے ارکان میں متعلقہ تقاریب میں شرکت کی حمایت کرتا ہے۔ سہیل محمود نے کہا ذرائع ابلاغ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی میں کمی لانے اور سفارتکاری اور مذاکرات کے فروغ میں تعمیری کردار ادا کر سکتے ہیں۔پاکستانی طلبا نوجوانوں میں بھارتی کلاسیکی موسیقی اور ثقافت کے فروغ کی سوسائٹی اور فلمساز ہرش نارائن کی دعوت پر بھارت کا دورہ کر رہے ہیں۔
بھارت کیساتھ باہمی احترام ، پُرامن ہمسائیگی پرمبنی تعلقات چاہتے ہیں:سہیل محمود
Jul 07, 2018