لاہور (خصوصی رپورٹر) ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز شریف اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کی قید بامشقت کی سزا کے ساتھ عوامی عہدوں کیلئے دس دس سال کیلئے نااہلی کے باعث اب مریم نواز شریف لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 127 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 173 جبکہ کیپٹن (ر) محمد صفدر مانسہرہ سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 14 سے الیکشن میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 127 میں مریم نواز شریف کے کورنگ امیدوار علی پرویز ملک کرسی کے انتخابی نشان پر حصہ لیں گے، علی پرویز ملک اس حلقہ انتخاب سے 2008ءکے ضمنی الیکشن میں کامیاب ہونے کے بعد 2013ءکے الیکشن میں دوسری مرتبہ جیتنے والے مسلم لیگ ن لاہور کے صدر و سابق وفاقی وزیر پرویز ملک کے صاحبزادے اور اپٹما کے چیئرمین ہیں علی پرویز کا اصل مقابلہ پی ٹی آئی کے جمشید اقبال چیمہ کے ساتھ ہوگا جنہوں نے مریم نواز شریف کی نااہلی کے بعد حلقہ انتخاب میں بڑے پیمانے پر مٹھائی تقسیم کی، پی ٹی آئی کے حامیوں نے انہیں مبارکبادیں دیں کہ مریم نواز شریف کی نااہلی کے بعد ان کا الیکشن یکطرفہ ہو گیا ہے۔ اس کے برعکس این اے 127کے ذیلی صوبائی حلقوں سے مسلم لیگ ن کے امیدواروں پی پی 153 خواجہ عمران نذیر جنرل سیکرٹری مسلم لیگ (ن) لاہور، پی پی 154 با¶ محمد اختر نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 25 جولائی این اے 127 میں پی ٹی آئی کے امیدوار کو 2013ءمیں پرویز ملک کو ملنے والی اکثریت کے مقابلے میں زیادہ ووٹوں سے ہرائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پرویز ملک این اے 133 سے الیکشن لڑ رہے ہیں ہم یہاں علی پرویز کے ساتھ مل کر حمزہ شہباز کی نگرانی میں پہلے ہی مریم نواز کی انتخابی مہم چلا رہے تھے، اب این اے 127 کے ووٹر احتساب عدالت کے فیصلے کو شیر پر 25 جولائی کو مہر لگا کر مسترد کر دیں گے۔ ادھر صوبائی حلقہ پی پی 173 میں مریم نواز شریف کی جگہ مسلم لیگ ن کے امیدوار عرفان شفیع کھوکھر ہوں گے جو کہ کرکٹ وکٹ کے نشان پر الیکشن لڑیں گے، ان کا مقابلہ پی ٹی آئی کے امیدوار سرفراز حسین کے ساتھ ہو گا جبکہ یہاں سے پیپلز پارٹی کی امیدوار روبینہ سہیل بٹ اور جماعت اسلامی لاہور کے امیر ذکر اللہ مجاہد بھی امیدوار ہیں۔ این اے 14 مانسہرہ سے کیپٹن (ر) محمد صفدر کے چھوٹے بھائی محمد سجاد ان کی جگہ الیکشن لڑیں گے، محمد سجاد نے کیپٹن صفدر کے کورنگ امیدوار کے طور پر کاغذات نامزدگی داخل کروائے تھے، وہ ”جنگی ٹینک“ کے نشنان پر الیکشن لڑیں گے۔
کورنگ امیدوار