اسلام آباد (محمد نوازرضا) احتساب عدالت کی جانب سے نوازشریف‘ ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) محمد صفدر کو ان کی عدم موجودگی میں قیدوجرمانہ کی سزاو¿ں کے ملکی سیاست پر گہرے اثرات مرتب ہوں گے۔ سیاسی ماحول میں کشیدگی بڑھے گی نوازشریف مخالف سیاسی عناصر نے شریف فیملی کو سزا ملنے پر مسرت کا اظہار کیا ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) اور اس کی اتحادی جماعتوں نے احتساب عدالت کے فیصلے کو مسترد کر دیا ہے۔ محمد نوازشریف نے فوری طور پر پاکستان واپس آنے کا عندیہ دیکر جو جرا¿ت مندانہ فیصلہ کیا ہے اس سے مسلم لیگی کارکنوں کے حوصلے بڑھ گئے ہیں۔ نواز شریف کی پاکستان واپس آنے پر مسلم لیگی کارکن شو آف پاور کریں گے۔ میاں نوازشریف اور مریم نواز کے جیل جانے سے ملک گیرتحریک چل سکتی ہے۔ میاں نوازشریف کے قریبی ذرائع کے مطابق میاں نوازشریف جیل میں رہ کر پارٹی کی قیادت کریں گے۔ جیل میں رہ کر میاں نوازشریف ملکی سیاست پر بھاری ہوں گے قانونی ماہرین کے تحت نوازشریف کو گرفتاری کے بعد ضمانت مل جائے گی تاہم ان کی گرفتاری سے مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کے لیے ہمدردی کے ووٹوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگی قیادت آئندہ انتخابات میں نوازشریف کی گرفتاری کو ”ہمدردی کے کارڈ“ کے طورپر استعمال کرے گی۔ نوازشریف کی وطن واپسی سے قبل ”وڈیو لنک“ کے ذریعے جلسوں سے خطاب کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ سزا سنائے جانے کے بعد میاں نوازشریف کی پریس کانفرنس میں ان کے طرز کلام میں معذرت خوانہ رویہ نہیں دیکھا گیا۔ آنے والے دنوں میں مسلم لیگ اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان فاصلے بڑھیں گے جو جمہوریت کے لیے خطرہ کی حیثیت رکھیں گے۔
فیصلہ/ اثرات
عدالتی فیصلہ کے سیاست پر گہرے اثرات مرتب ہونگے‘ کشیدگی بڑھے گی
Jul 07, 2018