اسلام آباد (نیٹ نیوز) اسلام آباد کی احتساب عدالت کی جانب سے نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) محمد صفدر کے خلاف قید اور جرمانے عائد کرنے کے فیصلے کو بھارتی میڈیا نے عمران خان کے لئے سازگار اور مسلم لیگ ن کے لئے انتخابات کے حوالے سے دھچکا قرار دے دیا۔ بھارتی نیوز چینل سی این بی سی ٹی وی 18 نے اپنی رپورٹ میں کہا نوازشریف اور ان کے خاندان کے خلاف فیصلہ انتخابات میں ان کی جماعت کے لئے بڑا دھچکا ہے۔ فیصلے سے تین مرتبہ وزیراعظم رہنے والے اور گزشتہ 4 دہائیوں سے پاکستان کے بہت بڑے سیاست دان کے کیرئر کے خاتمے کا خطرہ ہے۔ انڈین ایکسپریس نے اپنی رپورٹ میں کہا نواز شریف کے خلاف فیصلہ ایک ایسے وقت میں آیا انتخابات کے حوالے سے فوج کی سیاست میں مبینہ مداخلت کا شبہ ظاہر کیا جارہا ہے جبکہ میڈیا کی جانب سے بھی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ زی نیوز نے بھی رپورٹ میں اس فیصلہ کو نواز شریف اور ان کی پارٹی کے لئے بڑا دھچکا قرار دیا ہے۔