کراچی (صباح نیوز) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کو سیاست سے مائنس کرنے کی کوششوں میں تیزی آگئی ،سابق صدر کی سیاسی تنہائی اور مشکلات بڑھتی جارہی ہیں ۔انتخابات 2018کے شیڈول جاری ہونے سے قبل پنجاب اور خیبر پی کے کے طوفانی دورے کرکے اپنی پارٹی کا وزیراعظم اور وزرائے ا علیٰ لانے کی باتیں کرنے والے آصف زرداری ملک میں انتخابی ماحول بنتے ہی غیر فعال ہوگئے ہیں ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ملکی سیاسی منظر نامے اور انتخابی میدان میں اہم ترین تبدیلیوں اور بڑے فیصلوں کا وقت ہے۔ پاکستانی سیاست سے ایک اور مائنس ون کی کوششوں کو تقویت دی جارہی ہے ۔ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے بھی مائنس زرداری کی صورت میں پیپلزپارٹی کے ساتھ سیاسی ہمسفر بننے کا عندیہ دیدیا ہے۔ آصف علی زرداری نے اپنی سرگرمیوں کو محدود کرلیا ہے اور صرف ٹی وی پروگرامز تک محدود ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آصف زرداری حالیہ دنوں میں ذہنی دبائو کا شکار ہیں اور سیاسی معاملات نتیجہ خیز انداز میں نہ ہونے کی وجہ سے پریشان ہیں جبکہ انکے دائمی امراض کی تکلیف بھی بڑھ رہی ہے۔ امکان ہے پیپلزپارٹی کو مائنس ون کا دکھ جھیلنا پڑے۔