سوات (نامہ نگار) مسلم لیگ’’ن‘‘کے خیبرپی کے کے صدر انجینئر امیرمقام نے کہا ہے کہ قائد محمد نوازشریف اور مسلم لیگ’’ن‘‘ 25جولائی کو عوامی عدالت میں پیش ہوںگے اور فیصلہ بھی عوام ہی کی عدالت کریگی۔ انہوں نے کہاکہ عوام کی عدالت میں سرخرو ہوںگے، احتساب عدالت کے فیصلے میں انصاف کی کوئی جھلک نظر نہیںآئی، قائد محمد نوازشریف ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کاصلہ وصول کررہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ اس فیصلے پر مٹھائیاں تقسیم کرنیوالوں کو ہم 25جولائی کو فتح کی خوشی میں خود مٹھائیاں کھلائیں گے، مخالفین خاطر جمع رکھیں پوری تیاری کیساتھ انتخابی معرکے کیلئے اتر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خوازہ خیلہ،کوکارئی اور بریکوٹ میں اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر مقام نے کہاکہ عمران خان نے دیرمیںصرف الزام تراشی کی بلکہ ہونا یہ چاہئے تھا کہ عمران خان اپنے دوراقتدارکے کارناموں، فلاح وبہبودو ترقیاتی منصوبوںپر روشنی ڈالتے مگرعمران خان کا تقریرصرف الفاظ کا گورکھ دھندہ تھا۔ انہوںنے کہاکہ عمران خان دوسروں پرکرپشن کے بے جا الزامات لگارہے ہیں مگر تحریک انصاف کی حکومت کے دوراقتدارکے کرپشن پر ملوث افراد کیخلاف کوئی نوٹس نہیںلیاگیاجس سے بدعنوانی کیخلاف جنگ کے متعلق عمران کی نیت کا فتور واضح نظرآرہا ہے۔