لیبیا: جنرل حفتر کی زیر کمان فوج نے تازہ دم کمک طرابلس بھیج دی

طرابلس(این این آئی) جنرل خلیفہ حفتر کی زیر کمان لیبی فوج کے تازہ دم نئے فوجی دیتے طرابلس بھجوا دیئے گئے ، یہ بریگیڈز دارالحکومت کو آزاد کرانے کیلئے جاری آپریشن کے دوسرے مرحلے میں شرکت کریں گی ۔لیبیا کی فوج کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ مذکورہ فورسز کی نقل وحرکت جنرل خلیفہ حفتر کی ہدایات پر عمل میں آئی ہے، یہ لڑائی میں شرکت کی غرض سے بھجوائی جانے والی دوسری عسکری کمک ہے۔ اس مرحلے کی قیادت بن غازی اور درنہ کو آزاد کرانے کے معرکوں میں شریک بریگیڈز کریں گے جو دہشت گرد جماعتوں سے نمٹنے کے حوالے سے لڑائی کا بڑا تجربہ رکھتے ہیں۔فوج کی کمان کے میڈیا بیورو نے ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں عسکری بریگیڈز کی اپنے تمام تر ساز وسامان، افراد اور گاڑیوں کے ساتھ مغربی ریجن کی جانب حرکت کرتے دکھایا گیا ہے ۔اس سے قبل یو این سلامتی کونسل نے ایک بیان میں لیبیا میں فوری فائر بندی کا مطالبہ کیا تھا۔ امریکی حمایت کیساتھ جاری ہونیوالے بیان میں لیبیائی فریقوں پر زور دیا گیا کہ وہ جلد سیاسی بات چیت کی طرف لوٹیں،یہ بات چیت اقوام متحدہ کی وساطت سے انجام پا رہی ہے۔

ای پیپر دی نیشن