لاہور(نیوز رپورٹر) پنجاب میں تربیت یافتہ نرسنگ فورس کیلئے نرسنگ ڈگری پروگرام شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ،نرسنگ ڈگری پروگرام کیلئے نجی شعبے کی معاونت بھی حاصل کی جائے گی جبکہ صوبہ بھر میں پیرا میڈیکل سٹاف کی آسامیاں مشتہرہوچکی ہیں ،بھرتی جلد شروع ہوگی۔ عثمان بزدارکی زیر صدارت اجلاس میں نشترٹو کے منصوبے پر پیشترفت کا جائزہ،بجٹ اوردیگر امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔صوبہ بھر میں ٹراما سینٹرز کے قیام اور ایمرجنسی سروسز کو اپ گریڈ کرنے اورمحکمہ صحت میں روایتی فائل سسٹم کی بجائے ای فائلنگ کا نظام لانے کی تجاویز کا جائزہ لیاگیا۔ وزیراعلیٰ نے فوری طورپر متعلقہ فریقین سے سفارشات طلب کرلیں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سرکاری ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی کا عمل جلد از جلد مکمل کیا جائے ۔ عثمان بزدار نے کہا کہ صورتحال کی بہتری کیلئے باقاعدگی سے ہسپتالوں کے دورے کروںگا، حالات کا خود جائزہ لوںگا اوربہتری کیلئے اقدامات تجویز کیے جائیںگے۔ لاہور سمیت پنجاب کے تمام ہسپتالوں کی حالت کو بہتر بناکرمریضوں کو ہرسہولت دیںگے۔ عثمان بزدارنے جمعہ کو رات گئے بارش کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے لاہور شہر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے بغیر پروٹوکول اور سکیورٹی شہر کے مختلف علاقوں میں گھوم کر صورتحال کا خود جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ شہر میں نکاسی آب اور صفائی کی صورتحال کا جائزہ لیتے رہے اور صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ کی ہدایت کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار رات گئے اچانک سروسز ہسپتال پہنچ گئے۔سروسز ہسپتال میں مریض اور ان کے لواحقین رات کے آخری پہر وزیراعلیٰ کو دیکھ کر حیران رہ گئے۔’’آپ یہاں؟‘‘ :حیران مریض نے وزیراعلیٰ سے سوال کیا تو وزیراعلیٰ نے جواباً کہا’’ جی ہاں، آپ کی خیریت معلوم کرنے آیا ہوں‘‘۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار مریضوں اور ان کے لواحقین سے دوستانہ انداز میں گفتگو کرتے رہے اور ہیلتھ سروسز کے بارے میں دریافت کیا۔ عثمان بزدار نے میوہسپتال سرجیل ٹاور میں زخمی ڈپٹی کمشنر ڈی جی خان کی عیادت کی۔