اسلام آباد(خصوصی نمائندہ)نیب راولپنڈی نے پارک لین کمپنی ریفرنس میں سابق صدر آصف علی زرداری سمیت16ملزموں کو نامزد کر دیا ہے جن میں سے آصف زرداری سمیت 13ملز م گرفتار ہیں۔ کیس میں آصف زرداری کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ۔تین ملزم اقبال میمن، یونس قدوائی اور عزیر حسین مفرور ہیں۔ نیب راولپنڈی آئندہ ہفتے جعلی اکائونٹس کے حوالہ سے پہلا ریفرنس اسلام آبا کی احتساب عدالت میں دائر کرے گی۔پارک لین کمپنی کے چار ڈائریکٹرز، پارتھینون کمپنی کے تین ڈائریکٹرز، سمٹ بینک کے افسران اور اومنی گروپ کے افسر ملزموں میں شامل ہیں۔ زردار ی پر الزام ہے کہ انہوں نے اپنے بے نامی داروں کے ذریعہ نیشنل بینک سے تین ارب77 کروڑ روپے کا قرض لے کر اس میں مبینہ طور پر خوردبرد کی۔ کیس میں وعدہ معاف گواہ بننے کی پیشکش کرنے والے اومنی گروپ کے چیف فنانشل آفیسر اسلم مسعود کو بھی ملزم نامزد کیا گیا ہے۔
پارک لین ریفرنس، نیب نے زرداری سمیت 16 ملزم نامزد کر دئیے
Jul 07, 2019