منڈی بہاوالدین(نامہ نگار)مریم نواز کے آج ہونے والے جلسہ کی اجازت نہ مل سکی،لیگی قیادت اورانتظامیہ میں جگہ کے معاملہ پرڈیڈلاک برقرارہے، جگہ تبدیل کر لیں، جلسہ کی اجازت ہوگی مقامی انتظامیہ کاموقف،لیگی قیادت قائداعظم اورگرائونڈمیں جلسہ کیلئے بضد ہے، گرائونڈکے اطراف میں پولیس کی نفری تعینات ہے،جلسہ گاہ میں پانی چھوڑاگیا،لیگی سنٹرل کمیٹی کے ارکان اسرار احمد خان اورعدنان کی سابق وفاقی وزیر ممتاز احمد تارڑ، دیوان مشتاق احمدسابق ایم پی اے کے ہمراہ پریس کانفرنس، مریم نوازہرصورت اسی مقام پرجلسہ کریں گی، مرکزی قائدین طلال چوہدری،عظمی بخاری سمیت دیگر قائدین پریس کانفرنس میں نہ پہنچ سکے،پولیس نے دو مقامی ہوٹل انتظامیہ کولیگی قائدین کی پریس کانفرنس کروانے سے روک دیا،صحافی طلال چوہدری کی پریس کانفرنس کیلئے فٹبال بن گئے،مشاہدرضا امیدوارقومی اسمبلی نے بتایاکہ جلسہ کرنا ہمارا جمہوری حق ہے اور کسی صورت رکاوٹ برداشت نہیں کی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کی مرکزی رہنما مریم نواز کی جانب سے 7 جولائی کو منڈی بہاوالدین سے حکومت مخالف تحریک کا آغاز کیلئے جلسہ کرنے کیلئے قائداعظم گراونڈ کو ضلعی انتظامیہ نے سیکورٹی خدشات کی بنا پرسیل کردیا، ڈپٹی کمشنر مہتاب وسیم کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن شہر سے باہر کسی بھی جگہ جلسہ کرے اسے سکیورٹی اور اجازت دیں گے ، لیکن مسلم لیگ ن اسی جگہ جلسہ کیلئے ڈٹ گئی ہے، تاہم نہ ہی جلسہ کی جگہ کاانتخاب ہو سکا ہے اورنہ ہی آنے والے قافلوں کوکوئی حتمی پلان دیاجاسکاہے۔آن لائن کے مطابق مریم نواز نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پیغام میں کہا ہے کہ مریم نواز کا نام سنتے ہی کچھ لوگوں کی جان جاتی ہے۔ جعلی حکومت کا اصل خوف نوازشریف کے پیچھے عوامی طاقت ہے۔مریم اورنگزیب نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز آج منڈی بہاؤ الدین جائیں گی۔ مریم نواز سہ پہر تین بجے رائیونڈ جاتی امرا سے روانہ ہوں گی۔ مسلم لیگ ن کے شیر فسطائی حکومت کی ہر سازش ناکام بنائیں گے۔ نالائق‘ نااہل عمران اور 6 درجن سے زائد کرائے کے ترجمان ایک ہفتے سے جلسے کے خوف میں مبتلا ہیں۔ آج ایک مرتبہ پھر ایک طرف عوام دوسری جانب فسطائی سوچ ہو گی۔