لاہور(نمائندہ سپورٹس ) پاکستانی کھلاڑی اعصام الحق قریشی فتوحات برقرار رکھتے ہوئے سال کے تیسرے گرینڈ سلیم ٹینس ٹورنامنٹ ومبلڈن اوپن مینز ڈبلز پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔لندن میں جاری میگا ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے مینز ڈبلز دوسرے رائونڈ میچز میں اعصام الحق اور ان کے میکسیکن جوڑی دار سنتیاگو گونزالیز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے برازیل کے برونو سوریز اور ان کے کروشین جوڑی دار میٹ پاوچ کو سخت مقابلے کے بعد 4-6، 4-6، 7-6، (7-5)، 6-4 اور 6-4 سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کی اور اس کے ساتھ ہی پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔سیمونہ ہالیپ، کوری گوف، کیرولینا پلسکووا، ایلینا سویتولینا اور شوئی زینگ نے ویمنز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ تیسرے رائونڈ میچز میں سٹار رومانوی کھلاڑی ہالیپ نے بیلاروس کی وکٹوریہ آزارینکا کو 6-3 اور 6-1 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کی، 15 سالہ امریکن سٹار کوری گوف بھی پری کوارٹر فائنل تک رسائی حاصل کرنے میں کامیاب رہیں، انہوں نے ہرکوگ کو شکست فاش سے دوچار کیا، جمہوریہ چیک کی پلسکووا نے تائیوان کی سائی سیو وائی کو زیر کر کے ایونٹ سے باہر کر دیا، یوکرینی کھلاڑی ایلینا سویتولینا نے ماریا سیکاری کو شکست دے کر پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، چین کی شوئی زینگ نے کیرولین وزنائیکی کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔دفاعی چیمپئن نوویک جوکووچ، فرننڈو ورڈسکو، روبرٹو باٹسٹا ایگٹ، گوئیڈو پیلا، ڈیوڈ گوفن اور اوگو ہمبرٹ مینز سنگلز پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے۔لندن میں جاری میگا ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز تیسرے رائونڈ میچز میں سربین سٹار جوکووچ نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولینڈ کے ہوبرٹ ہرکاز کو 7-5، 6-7، 6-1 اور 6-4 سے ہرا کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی، سپینش کھلاڑی ورڈسکو نے تھامس فابیانو کو 6-4، 7-6 اور 6-4 سے زیر کر کے پری کوارٹر فائنل کیلئے کوالیفائی کیا، سپین کے باٹسٹا ایگٹ بھی تیسری رکاوٹ عبور کرنے میں کامیاب رہے، انہوں نے روسی کھلاڑی کیرن خچانووف کو شکست دی، ارجنٹائنی کھلاڑی گوئیڈو پیلا نے جنوبی افریقن حریف کیون اینڈرسن کو زیر کر کے ایونٹ سے باہر کر دیا، ڈیوڈ گوفن نے روس کے ڈینل مدودوف کو ہرا کر پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی، دیگر کھیلے گئے میچز میں میلوس رائونک، بینوئٹ پیئر اور اوگو ہمبرٹ بھی اپنے اپنے حریفوں کو ہرا کر پری کوارٹر فائنل میں داخل ہو گئے۔
ومبلڈن اوپن ٹینس :اعصام الحق کی جوڑی پری کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی
Jul 07, 2019