لاہور(نمائندہ سپورٹس )پاکستان کرکٹ بورڈ کے ایم ڈی وسیم خان دیرینہ دوست وسیم اکرم کو ڈھونڈتے ہوئے لارڈز کے میڈیا سنٹر پہنچے پھر دونوں کے درمیان کرکٹ کمیٹی کی پہلی میٹنگ کے بارے میں ابتدائی بات چیت ہوئی۔وسیم خان نے چارج سنبھالنے کے بعد زیادہ تر وقت پاکستان سے باہر غیر ملکی دوروں پر گذارا ہے۔ ورلڈ کپ کے دوران وہ چند دن کے لئے لاہور گئے اور ایک بار پھر آئی سی سی میٹنگ میں شرکت کا بہانہ بناکر انگلینڈ پہنچ گئے۔بر طانیہ میں بیٹھ کر بیس لاکھ روپے تنخواہ اور بھاری مراعات لینے والے وسیم خان سابق فرسٹ کلاس کرکٹر ہیں۔ وسیم اکرم اور مصباح الحق جیسے بڑے کھلاڑی کرکٹ کمیٹی میں ان کے انڈر میں کام کریں گے۔ وسیم خان نے چند دن پہلے محسن خان کی جگہ کرکٹ کمیٹی کے سربراہ کا عہدہ سنبھالا تھا۔حیران کن بات یہ ہے کرکٹ کمیٹی کی زیادہ تر سفارشات وسیم خان کے پاس جائیں گی۔ کچھ پر فیصلہ چیئرمین کو کرنا ہے۔ ورلڈ کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان ٹیم اچھی کارکردگی نہ دکھاسکی، لیکن کئی کرکٹرز اور پوری ٹیم انتظامیہ کی کارکردگی کا جائزہ لینے کے لئے پی سی بی کمیٹی کا اجلاس 22سے24جولائی کے درمیان ہوگا۔پاکستان ٹیم میں آپریشن کلین اپ کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگست میں کئی اہم فیصلے ہوں گے۔ پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ٹیسٹ سیریز ستمبر کے آخر میں ہوگی۔ پی سی بی چیئرمین احسان مانی اور ایم ڈی وسیم خان آئی سی سی کی سالانہ میٹنگ کے بعد 21جولائی کو لاہور آرہے ہیں۔ذرائع کے مطابق ہیڈ کوچ مکی آرتھر،منیجر طلعت علی اور کوچنگ سٹاف کے کئی ارکان کو فارغ کردیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مکی آرتھر ،طلعت علی اور اظہر محمود اپنی رپورٹس جلد بورڈ کو میل کریں گے۔یہ رپورٹ کرکٹ کمیٹی کے سامنے پیش کی جائے گی۔ کرکٹ کمیٹی میں پی سی بی کے ایم ڈی، وسیم اکرم اور مصباح الحق شامل ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وسیم اکرم کنیڈین لیگ اور یورپی لیگ کے لئے جارہے ہیں، اس لئے ہوسکتا ہے کہ وہ ٹیلی فونک میٹنگ کریں۔
پی سی بی کرکٹ کمیٹی اجلاس کی تیاریاں، قومی ٹیم میں آپریشن کلین اپ کا امکان
Jul 07, 2019