لاہور ( سپیشل رپورٹر) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ کنٹرول لائن پر دھماکہ بھارتی دہشت گردی کا واضع ثبوت ہے۔ بلاول بھٹو کو کالعدم جماعتوں کے سرپرست رانا ثناء اللہ کی حمایت زیب نہیں دیتی۔ رانا ثنائاللہ نے جو بویا وہ کاٹنا پڑے گا۔ بلوچستان لبریشن آرمی کو دہشت گرد تنظیم قرار دیا جانا پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔ عالمی برادری بھارتی دہشت گردی کا نوٹس لے۔ بھارت کو دہشت گرد ملک قرار دیا جائے اور مودی پر جنگی جرائم کا مقدمہ چلایا جائے۔ سیاستدان خوشحال، ملک کنگال اور عوام بدحال ہو چکی ہے۔ حکومت مہنگائی کا جن قابو کرنے کے لئے موثر اقدامات کرے۔ ٹیکسوں کی بھرمار اور مہنگائی کے طوفان سے متوسط طبقہ شدید متاثر ہوا ہے۔ رانا ثناء اللہ کو اپنے سیاہ کرتوتوں کی سزا مل رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے المرکز الاسلامی شادباغ لاہور میں سنی اتحاد کونسل لاہور کے عہدیداران و کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ رانا ثنائاللہ مسلسل دس سال ہمارے خاندان کے خلاف انتقامی کاروائیوں میں مصروف رہا۔ چیف جسٹس فیصل آباد میں پلازوں پر قبضوں میں رانا ثنائاللہ کے ملوث ہونے کی تحقیقات کروائیں۔ رانا ثناء اللہ مختلف مافیاز کا سرپرست ہے۔ قوم حکومت اور اپوزیشن سے مایوس ہے۔