پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیر اعظم چودھری شجاعت حسین نے گجرات میں شیف انٹرنیشنل کے زیراہتمام چودھری سجاد حیدر میموریل آئی ہسپتال کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ اس موقع پر قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی، چودھری وجاہت حسین، مونس الٰہی، چیئرمین شیف انٹرنیشنل پروفیسر ڈاکٹر داؤد خان، محمد سہیل ایاز، احمد جواد، چودھری طیب حسین، سید علی محسن کاظمی ڈی پی او، محمد جمیل اسسٹنٹ کمشنر، میاں عمران مسعود، چودھری اعجاز، اصغر تیل والا اور حسین اصغر سمیت دیگر شخصیات موجود تھیں۔ چودھری پرویزالٰہی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسے فلاحی پراجیکٹ کی علاقہ کو اشد ضرورت تھی، خاص کر آنکھوں کے شعبہ میں مزید کام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو غریبوں کا درد ہے ان کی اور ہماری سوچ ایک ہے، پاکستان اور غریب عوام کی ترقی ہمارا ویژن ہے، اس پر عمل کر کے ہی پاکستان ترقی کرے گا، تاجر برادری عمران خان کے ویژن میں تعاون کرے، چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی سے ملاقات میں تاجروں کے مسائل کے حل کے حوالے سے بات ہوئی ہے اور انہوں نے یقین دلایا ہے کہ حکومت ان کے مطالبات پر غورکرے گی، پاکستان کی ترقی ہی ہم سب کی ترقی ہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ نوازشریف، شہبازشریف نے سارا ملک اور پنجاب اجاڑ دیا یہ اب اور کیا چاہتے ہیں، ملکی معیشت دیوالیہ کرنے کے بعد اب یہ اپنی مظلومیت کا رونا رو رہے ہیں، وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال کو جان بوجھ کر انہوں نے شروع نہیں ہونے دیا، اس عرصہ میں جتنی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں ان کے ذمہ دار شہبازشریف ہیں، یہی وجہ ہے کہ مرنے والوں کی آہیں اور ان کے لواحقین کی بددعائیں آج شہبازشریف کا پیچھا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور وزیراعلیٰ میں نے میو ہسپتال میں سرجیکل یونٹ کا آغاز کیا لیکن انہوں نے اپنی ہٹ دھرمی کے باعث اس کو بھی بند کرنے کی کوشش کی، صحت کے شعبہ کا بیڑہ غرق کرنے کے علاوہ شہبازشریف نے تعلیم، زراعت سمیت ملک کی ترقی کے تمام شعبوں کو دیوالیہ کر دیا، آج عوام ان سے حساب مانگ رہی ہے، بطور وزیراعلیٰ میں نے صحت، تعلیم، زراعت کے شعبوں میں ترقی، روزگار کی فراہمی اور عوامی فلاحی منصوبے شروع کیے تھے لیکن شہبازشریف نے عوام دشمنی کی بنا پر خوشحال صوبے کو مقروض بنا دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کرنے کیلئے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے فنڈز جاری کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کہ میں عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ عمران خان اور ہمارے ویژن کو تقویت دیں کیونکہ ہمارا مقصد صرف اور صرف غریب عوام کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہے، ہماری سیاست کا محور بھی عام اور غریب آدمی کی بہتری ہے۔
عمران خان کو غریبوں کا درد ہے، پاکستان کی ترقی کیلئے ہماری سوچ ایک ہے: چودھری شجاعت حسین، پرویزالٰہی
Jul 07, 2019 | 21:54