لاہور( حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیف آپریٹنگ افیسر سبحان احمد انڈین پریمیئر لیگ کے تیرہویں ایڈیشن کے متحدہ عرب امارات میں انعقاد کے مشن پر ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے ایڈوائزر کی حیثیت سے بی سی سی آئی کے ساتھ آئی پی ایل کے تیرہویں ایڈیشن کے انعقاد کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔ سبحان احمد نے رواں برس مئی میں ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے ایڈوائزر کی حیثیت سے کام شروع کیا تھا۔ انہوں نے کرکٹ بورڈ کی موجودہ انتظامیہ کے ساتھ اختلافات کے باعث گذشتہ برس نومبر میں استعفیٰ دیا تھا۔ وہ لگ بھگ پچیس برس تک پاکستان کرکٹ بورڈ میں مختلف عہدوں پر کام کرتے ہوئے چیف آپریٹنگ آفیسر کی حیثیت سے مستعفیٰ ہوئے تھے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی نے رواں سال نومبر میں ٹونٹی ورلڈ چیمپیئن شپ کے ملتوی ہونے کے پیش نظر ان تاریخوں میں انڈین پریمیئر لیگ کے انعقاد کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ بی سی سی آئی اور ایمریٹس کرکٹ بورڈ کے مابین لیگ کے متحدہ عرب امارات میں انعقاد پر بات چیت ہو رہی ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ اس سلسلہ میں دو تین آپشنز پر کام کر رہا ہے۔ ایک آپشن یہ ہے کہ کورونا وائرس کے خاتمے یا اس وبا کی شدت میں کمی کے بعد لیگ مکمل طور پر اپنے ملک میں کروائی جائے اگر ایسا ممکن نہیں ہوتا تو پھر لیگ کے پچاس فیصد میچز بھارت اور پچاس فیصد متحدہ عرب امارات میں کھیلے جا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ یہ آپشن بھی زیر غور ہے کہ اگر بھارت میں کورونا کی وجہ سے زندگی معمول پر نہیں آتی تو آئی پی ایل کے تیرہویں ایڈیشن کے میچز مکمل طور پر متحدہ عرب امارات میں انعقاد کا آپشن بھی زیر غور ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ایمریٹس کرکٹ بورڈ اس پیشرفت سے خاصا خوش دکھائی دے رہا ہے کیونکہ شارجہ، دبئی اور ابوظہبی کے میدانوں پر انڈین پریمیئر لیگ کے انعقاد سے بہت بڑا مالی فائدہ ہو سکتا ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کا آغاز بھی متحدہ عرب امارث سے ہی کیا تھا۔ چوتھے ایڈیشن تک پی ایس ایل کے میچز یو اے ای میں کھیلے جاتے رہے ہیں۔ دو ہزار چودہ میں بھی انڈین پریمیئر لیگ کے میچز دبئی، شارجہ اور ابوظہبی میں کھیلے جا چکے ہیں۔ اس وقت دبئی اور ابوظہبی نے سات سات جبکہ شارجہ نے چھ میچوں کی میزبانی کی تھی۔ کویڈ 19 کی وجہ سے بھارتی کرکٹ بورڈ نومبر میں شیڈول ٹونٹی ٹونٹی ورلڈ چیمپیئن شپ کے ملتوی ہونے کی صورت میں انڈین پریمیئر لیگ کے انعقاد پر کام شروع کر چکا ہے۔ بی سی سی آئی کے آفیشلز کی لیگ تیرہویں ایڈیشن کے انعقاد میں خاصی دلچسپی ہے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ابھی تک آسٹریلیا میں ٹونٹی ٹونٹی ورلڈ چیمپیئن شپ کے انعقاد کے حوالے سے حتمی فیصلہ کرنے میں ناکام رہی ہے۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے بی سی سی آئی نے آئی پی ایل کے لیے تیاریاں شروع کر دی ہیں