نومسلم سکھ لڑکی کی پسند کی شادی‘ سنگل بنچ درخواست کا فیصلہ کر سکتا ہے: ہائیکورٹ

لاہور (وقائع نگار خصوصی) نو مسلم سکھ لڑکی پسند کی شادی کے معاملہ پرلاہور ہائی کورٹ نے عائشہ بی بی اور منموہن سنگھ کی درخواستوں پر سماعت کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت سے لڑکی کی دارالامان سے بازیابی کی درخواست کب واپس لی گئی جس پر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت سے درخواست واپسی کی درخواست 14 ستمبر 2019ء کو دائر کی تھی۔ عدالت نے کہا کہ آپ کو ہائیکورٹ سے درخواست واپس لینی چاہیے تھی۔ عائشہ بی بی کو عدالت کون لے کر آیا۔ عائشہ بی بی دارالامان میں رہائش پزیر ہے؟ جس پر وکیل نے عدالت کو بتایا کہ لڑکی نے مسلمان ہو کر شادی کی، پہلے الزام لگایا گیا کہ لڑکی کی عمر کم ہے مگر اس کی عمر بیس سال ہے۔ منموہن سنگھ کے وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ اس حوالے سے لارجر بنچ تشکیل دیا جائے۔ عدالت نے کہا کہ لارجر بنچ کیوں بنایا جائے؟ سنگل بنچ اس درخواست کا فیصلہ کر سکتا ہے۔ عدالت نے کارروائی 27 جولائی تک ملتوی کر دی۔

ای پیپر دی نیشن